کیا سعودی عرب میں ٹیکس میں اضافہ ہونے جا رہا ہے ؟

سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے سال 2020ء میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے حوالے سے وضاحت کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 20 ستمبر 2019 10:50

کیا سعودی عرب میں ٹیکس میں اضافہ ہونے جا رہا ہے ؟
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،20ستمبر 2019) سعودی عرب میں گزشتہ کچھ دِنوں سے یہ افواہیں سرگرم ہیں کہ سال 2020ء کے آغاز پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافہ کیا جا رہا ہے، جس سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ پڑے گا اور اشیائے خورد و نوش بھی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی۔ تاہم اس حوالے سے سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان کی وضاحت سامنے آ گئی ہے۔ محمد الجدعان نے واضح کیا ہے کہ سال 2020ء میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافے کا امکان نہیں۔

مکہ اخبار کے مطابق یہ وضاحت انہوں نے ریاض میں یورو منی السعودیہ 2019ء کے عنوان کے تحت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی کہ تیل کی تنصیبات پر ہونے والے حالیہ حملوں سے آرامکو کا بجٹ متاثر نہیں ہو گا اور نہ اس سے ملک کی اقتصادی اور مالی حالت پر کوئی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی قومی مالیاتی پالیسی بہترین انداز میں مرتب کی گئی ہے جس کا مقصد ملک کی اقتصادی و معاشرتی ترقی کو بلندیوں تک لے جانا ہے۔

یہ قومی مالیاتی پالیسی 2030ء ویژن کے اہدف کے حصول کو ممکن بنانے کی سوچ کو مدنظر رکھ کر تشکیل دی گئی ہے۔ اس وقت سعودی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس برس کا مالی خسارہ خاصا کم ہے۔ جبکہ پیٹرول کے علاوہ دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدنی میں 2018ء کی نسبت رواں سال 14.4 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس میں رواں سال کے آخر تک مزید 3 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔ دُوسری جانب سعودی مارکیٹ میں غیر مُلکیوں کی سرمایہ کاری میں بھی خاصا اضافہ ہوا ہے ، جس کا حجم رواں سال 76 ارب ریال ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رواں سال کے دوران 18 نئی بین الاقوامی کمپنی کو تجارتی لائسنسز بھی جاری کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ نجی شعبے میں بھی خدمات کا معیار بہت بلند ہوا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں