سعودی مملکت میں گاڑیوں کے شیشے ایک حد سے زیادہ سیاہ کرنے پر بھاری جرمانہ ہو گا

محکمہ ٹریفک کے مطابق گاڑیوں کے شیشے اتنے زیادہ سیاہ نہیں ہونے چاہئیں کہ اندر بیٹھے افراد باہر سے نظر نہ آئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 8 اکتوبر 2019 11:10

سعودی مملکت میں گاڑیوں کے شیشے ایک حد سے زیادہ سیاہ کرنے پر بھاری جرمانہ ہو گا
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8 اکتوبر2019ء) سعودی مملکت میں گاڑیوں کے شیشے ایک حد سے زیادہ سیاہ کرنے پر بھاری جرمانہ ہو گا۔ محکمہ ٹریفک کی جانب سے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین گاڑیوں کے شیشے ایک حد تک سیاہ کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ اس سلسلے میں کچھ قواعد و ضوابط مقرر کیے گئے ہیں۔ محکمہ ٹریفک کے مطابق شیشے اس حد تک سیاہ نہیں کیے جا سکتے کہ اندر بیٹھے افراد باہر سے نظر نہ آئیں۔

گاڑیوں کے شیشے ایک حد سے زیادہ سیاہ کرنے پر 500 سے 900 ریال تک کا جرمانہ ہو گا۔ جبکہ گاڑیوں کے شیشوں پر آئینے والی ایسی فلمیں لگانا قطعی طور پر منع ہے جس میں گاڑی کے باہر کھڑے شخص کو اپنا عکس دکھائی دے۔ اگر خصوصی حالات میں سامنے والی نشست کے شیشے سیاہ کرنا لازمی ہوں تو پھر بھی انہیں اس حد تک سیاہ نہیں کیا جا سکتا کہ اندر بیٹھے لوگ باہر سے نظر نہ آ سکیں، اس کے لیے بھی محکمہ ٹریفک سے تحریری اجازت لینا ہو گی۔

(جاری ہے)

گاڑیوں کی صرف پچھلی نشستوں کے شیشے سیاہ کیے جا سکتے ہیں۔ جبکہ ڈرائیور اور اس کے ساتھ والی نشست کے کے شیشوں کو سیاہ کرنے کی بالکل اجازت نہیں ہے۔ جبکہ سامنے اورپچھلے والے شیشے کو بھی سیاہ کرنے کی ٹریفک قوانین میں مناہی ہے۔ محکمہ ٹریفک کی جانب سے ٹویٹر اکاؤنٹ پر مزید بتایا گیا ہے کہ صرف چار دروازوں والی گاڑیوں کی پچھلی نشستوں والے شیشے سیاہ کرنے کی اجازت ہے۔

اگر کوئی گاڑی دو دروازوں والی ہے، تو اس کے شیشے کالے نہیں کیے جا سکتے۔ البتہ اگر ایسی گاڑی کی پچھلی نشست کے الگ سے شیشے ہوں تو پھر انہیں فلم یا پیپر لگا کر سیاہ کیا جا سکتا ہے۔ البتہ سپورٹس کار، ٹیکسی، لیموزین، رینٹ اے کار، ویگنیں اور سامان لادنے کے لئے استعمال ہونے والی گاڑیوں کے شیشے سیاہ نہیں کئے جاسکتے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں