سعودی فرمانروا کے مقتول شاہی محافظ کے لیے سرکاری اعزاز کا اعلان کر دیا گیا

الریاض کی اہم شاہراہ جنرل عبدالعزیز الفغم کے نام سے منسوب کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 10 اکتوبر 2019 10:25

سعودی فرمانروا کے مقتول شاہی محافظ کے لیے سرکاری اعزاز کا اعلان کر دیا گیا
ریاض (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 اکتوبر2019ء) گزشتہ دِنوں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سب سے قریبی سیکیورٹی گارڈ کو اُن کے قریبی دوست نے ہی ایک جھگڑے کے دوران قتل کر دیا تھا۔ جس پر مملکت میں سوگ کی فضا رہی۔ مقتول میجر جنرل عبدالعزیز الفغم نے طویل عرصہ تک شاہی خاندان کے مخلص محافظ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ سعودی فرمانروا نے جنرل الفغم کی رہائش گاہ پر جا کر اُن کے سوگوار اہلِ خانہ سے بھی تعزیت کی تھی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے مقتول جنرل الفغم کی وفاداری اور طویل خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے اُن کے لیے سرکاری اعزاز کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سعودی دارالحکومت الریاض کی کی ایک اہم شاہراہ کو جنرل عبدالعزیز الفغم کے نام سے منسوب کر دیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز نے اپنے نائب شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز کی جانب سے ریاض شہر کی ایک سڑک کو مقتول میجر جنرل عبدالعزیز الفغم کے نام کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق مقتول جنرل عبدالعزیز الفغم کو سرکاری سطح پر مزید اعزازت بھی دیئے جائیں گے۔ ان کی موت کے بعد انہیں سرکاری سطح پر'شاہوں کا محافظ' کا خطاب بھی دیاگیا ہے۔ مقتول میجر جنرل عبدالعزیز الفغم خادمِ حرمین شریفین گہری عقیدت رکھتے تھے اور اپنی جان سے بڑھ کر اُن کی جان اور سلامتی کو برتر جانتے تھے۔ سوشل میڈیا پر سعودی عوام اور عبدالعزیز الفغم کے اقارب کی جانب سے اُن کی درجنوں تصاویر شیئر کی گئی ہیں جن میں سے بہت سے تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔

اکثر تصویریں الفغم کی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ہمراہ مختلف سرکاری تقریبات اور اہم مواقع پر لی گئی تھیں۔ ان میں سے ایک تصویر جس نے سوشل میڈیا کے صارفین کو بے پناہ تعریف پر مجبور کر دیا ہے، وہ مئی 2017ء میں شاہ سلمان اور امریکی صدر ٹرمپ کے مابین سربراہ اجلاس کے دوران لی گئی ہے۔ اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میجر جنرل عبدالعزیز الفغم اپنے گھُٹنے کے بل فرش پر بیٹھ کر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کے جُوتے کے کھُل گئے تسمے کو باندھ رہے ہیں۔ اس تصویر سے عبدالعزیز الفغم کی سعودی فرماں روا کے لیے وفاداری اور عقیدت کا بے پناہ اظہار ہوتا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں