شیشہ کی سہولت فراہم کرنے والے ہوٹلوں اور ریستورانوں پر بھاری ٹیکس نافذ

فائیو سٹار ہوٹلوں میں شیشہ فراہم کرنے کی فیس ایک لاکھ ریال سالانہ ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 12 اکتوبر 2019 11:41

شیشہ کی سہولت فراہم کرنے والے ہوٹلوں اور ریستورانوں پر بھاری ٹیکس نافذ
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12اکتوبر2019ء ) سعودی عرب میں حکومت کی جانب سے ہوٹلوں، ریستورانوں اور کیفے ٹیریاز کو اپنے ہاں شیشہ سروس کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تاہم اس حوالے سے ان پر کچھ شرائط بھی عائد کی گئی ہیں۔ سعودی ویب سائٹ عاجل نے سعودی وزارت بلدیات و دیہی امور کے حوالے سے بتایا ہے کہ مملکت میں شیشہ فراہم کرنے والے ہوٹلوں، ریستورانوں اور کیفے ٹیریاز کواپنے گاہکوں کو شیشہ فراہم کرنے کی خاطر سب سے پہلے لائسنس حاصل کرنا ہو گا۔

اس لائسنس کی ہر سال تجدید بھی کروانا لازمی ہوی گی۔ شیشہ فراہم کرنے والے تمام فوڈ پوائنٹس پر فیس کا نفاذا ن کی زمرہ بندی کے حساب سے ہو گا۔وزارت کے مطابق ریاض، جدہ، دمام، مکہ معظمہ، مدینہ منورہ اور الخبر کے فائیو اسٹار ہوٹلوں کو اپنے گاہکوں کو شیشہ فراہم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اس کے لیے انہیں قواعد و ضوابط کی پابندی بھی کرنا ہو گی۔

فائیو اسٹار ہوٹلوں کو شیشہ سروس فراہم کرنے پر سالانہ ایک لاکھ ریال فیس حکومت کو ادا کرنا ہو گی۔فور سٹار ہوٹلز کی جانب سے اس سہولت کی فراہمی پر حکومت کو سالانہ فیس کی مد میں 50ہزار ریال ادا کرنا ہوں گے۔ جبکہ عام کیفے ٹیریاز کے لیے سالانہ فیس پانچ ہزار ریال مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح وہ عام کیفے ٹیریاز جو ہوٹلز کے احاطوں سے باہر ہوں گے، انہیں بھی مختلف زمرہ بندیوں کے تحت پانچ ہزار ریال سالانہ سے لے کر 30ہزار ریال سالانہ تک کی فیس جمع کروانی ہو گی۔

وزارت کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نئے نظام کے تحت کیفے اور ریستورانوں میں شیشہ فراہم کی سہولت پر بننے والے بل پر سو فیصد ٹیکس لاگو کر دیا گیا ہے۔شیشہ سروس فراہم کرنے والے ہوٹلز اور ریستورانوں کو اس مقصد کے لیے الگ حصہ مختص کرنا ہو گی تاکہ دیگر افراد کی صحت پر شیشہ کے مضر اثرات مرتب نہ ہوں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں