چہروں کے انتہائی منفرد پورٹریٹ بنانے والی سعودی لڑکی کے ہر طرف چرچے ہونے لگے

غادہ الموسیٰ پورٹریٹ بنانے کے لیے پنسل اور پھر تھری ڈی ٹیکنالوجی کی مدد سے رنگوں کا استعمال کرتی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 12 اکتوبر 2019 11:43

چہروں کے انتہائی منفرد پورٹریٹ بنانے والی سعودی لڑکی کے ہر طرف چرچے ہونے لگے
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12اکتوبر2019ء ) سعودی خواتین بہت سے شعبوں میں ان کی شمولیت پر سے پابندی ہٹنے کے بعد اپنی صلاحیتوں اور قابلیتوں کا بھرپور انداز میں لوہا منوا رہی ہیں۔ سعودی مملکت میں آرٹ کے قدر دانوں میں اس وقت ایک انتہائی باصلاحیت سعودی خاتون کا چرچا ہونے لگا ہے جو چہروں کے پورٹریٹ بنانے میں خاص الخاص مہارت رکھتی ہے۔ العربیہ نیٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی لڑکی غادہ الموسیٰ صرف21 برس کی ہیں، مگر انہوں نے مصوری میں ایسی غیر معمولی مہارت حاصل کی ہے کہ ان کے فن پارے سب کی نظروں کا مرکز بن گئے ہیں۔

غادہ الموسیٰ کے ان پورٹریٹس کی گزشتہ دِنوں نمائش بھی ہوئی، جسے نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی مصوری کے دلدادہ لوگوں نے بھی بہت زیادہ سراہا ہے۔

(جاری ہے)

غادہ الموسیٰ نے بتایا کہ انہیں اپنی تصویروں میں چہروں کے نین نقش اور دیگر باریک تفصیلات اُبھارنے کا بہت شوق ہے۔ انہوں نے بڑی محنت سے اس فن میں خاصی مہارت حاصل کر لی ہے۔ یہ کوئی آسان کام نہیں ہے۔

چہروں کی تفصیلات پر مبنی فن پارہ بنانے میں انہیں کئی بار 4 ماہ بھی لگ جاتے ہیں۔ میں اپنے پورٹریٹس کا آغاز پنسل سے کرتی ہوں اور پھر تھری ڈی ٹیکنالوجی کی مدد سے رنگوں کا استعمال کرتی ہوں۔ اپنے فن پاروں میں میری خصوصی توجہ آنکھوں پر ہوتی ہے۔ کیونکہ آنکھوں کی اپنی زبان ہے، جسے سمجھنے والے ہی سمجھ سکتے ہیں۔ میں نے جب اپنے فن پاروں کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا تو مجھے بے حد پذیرائی مِلی۔ میری خواہش ہے کہ میرے اس تخلیقی کام کی سعودی عرب کے مختلف شہروں میں ہی نہیں، بلکہ دُنیا کے دیگر خطوں میں بھی نمائش کی جائے۔اس کے علاوہ میری چہرہ کشی کے فن کو اُجاگر کرنا اور اسے پروان چڑھانے کے لیے ایک تربیتی مرکز قائم کرنے کی بھی آرزو ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں