سعودی عرب میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص ہلاک، 3 زخمی

پولیس کے مطابق موبائل فون کے استعمال کے باعث ان پر بجلی آن گری

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 14 اکتوبر 2019 10:42

سعودی عرب میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص ہلاک، 3 زخمی
ریاض (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14اکتوبر2019ء) سعودی مملکت میں گزشتہ ہفتے کے دوران سے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے باعث اکثر مقامات پر طغیانی کی صورتِ حال بھی پیدا ہو گئی ہے۔ العرضیات کمشنری میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے باعث ایک شخص ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ لوگ کھُلے آسمان تلے ایک مقام پر اپنے موبائل فونز کے ذریعے آسمانی بجلی کی ویڈیو بنا رہے تھے کہ اچانک اس بجلی نے انہیں بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث ایک شخص جھُلس کر موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

شہری دفاع کی جانب سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ بجلی کڑکنے کے دوران موبائل فون کا استعمال ہرگز نہ کریں، یہ بہت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

کیونکہ موبائل سے نکلنے والے سگنلز آسمانی بجلی کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔ اس لیے اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ بارش کے دوران موبائل فون استعمال نہ ہو۔ گزشتہ سال بھی ایک سعودی اپنی گاڑی میں بیٹھا ہوا موبائل فون استعمال کر رہا تھا جب اچانک آسمانی بجلی اُس کی گاڑی پر آن پڑی۔

اس واقعے وہ جھُلس کر جاں بحق ہو گیا تھا۔ شہری دفاع کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ مملکت کے بعض نشیبی علاقو ں میں سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ تبوک ریجن کے نواحی علاقے میں پکنک مناتے ہوئے ایک خاندان سیلابی ریلے میں پھنس گیا ۔ شہری دفاع کی امدادی ٹیموں نے پھنسے ہوئے خاندان کو سیلابی ریلے سے نکال کر محفوظ مقام تک منتقل کر دیا۔شہری دفاع کی جانب سے لوگوں کو خبردار کیاگیا ہے کہ وہ بارشوں کے سیزن میں پہاڑی علاقوں اورنشیبی مقامات پر قیام کرنے سے گریز کریں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں