سعودی عرب میں لائسنس کے بغیر آن لائن کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع

مملکت میں مقیم ہزاروں پاکستانی بھی بغیر لائسنس آن لائن کاروبار میں ملوث ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 15 اکتوبر 2019 12:13

سعودی عرب میں لائسنس کے بغیر آن لائن کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع
مکہ مکرمہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15اکتوبر2019ء) سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق سعودی عرب میں لائسنس کے بغیر آن لائن تجارت ممنوع ہے۔ کسی بھی سطح پر آن لائن کاروبار کے لیے وزارت تجارت و سرمایہ کاری سے لائسنس حاصل کرنا ضروری ہے۔اعلامیہ کے مطابق 20 اکتوبر 2019ء سے آن لائن تجارت کے حوالے سے نئے ضوابط متعارف کروائے جا رہے ہیں، جن کے بعد بغیر لائسنس آن لائن کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

کسی پریشانی سے بچنے کے لیے بہتر یہی ہو گا کہ تمام ای شاپس کے مالکان فوری طور پر وزارت تجارت و سرمایہ کاری سے لائسنس حاصل کریں۔ تاکہ وہ وزارت کے ساتھ رجسٹرڈ ہو جائیں۔ای شاپس کی رجسٹریشن کروانے والوں کے لیے اپنا مستقل پتا رجسٹرکروانا لازمی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت کے مطابق سوشل میڈیا کے کسی بھی چینل کے ذریعے آن لائن تجارت کی صورت میں لائسنس کا حصول ضروری ہے۔

کئی غیر مُلکی بھی اپنے ممالک سے مختلف اشیاء لا کر سنیپ چیٹ، انسٹا گرام، فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے سعودی مملکت میں فروخت کرتے ہیں، جن میں پاکستانی، بھارتی، بنگلہ دیشی اور دیگر ممالک کے افراد بھی شامل ہیں۔ جبکہ کئی لوگ مقامی مارکیٹ سے اشیاء خرید کر مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں۔ تاہم وزارت تجارت کی جانب سے نئے ضوابط کے بعد غیر مُلکیوں کو خود کو رجسٹرڈ کروائے بغیر سوشل میڈیا پر مصنوعات کی فروخت کی صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا۔ وزارت کے مطابق نئی پالیسی سے تاجر اور صارف کے درمیان خرید و فروخت کے معاملات میں شفافیت کو بڑھایا جا سکے گا۔ جبکہ سامان کو کسی بھی وجہ سے واپس کرنے کے ضوابط بھی مقرر کیے گئے ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں