سعودی دارالحکومت الریاض میں واقع تفریحی مرکز بلیوارڈ آج بند کر دیا جائے گا

انتظامیہ کے اندر بلیوارڈ کو صرف دو روز کے لیے بند کیا گیا جس کا مقصد اندر موجود ٹرین کو آپریشنل حالت میں لانا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 22 اکتوبر 2019 10:43

سعودی دارالحکومت الریاض میں واقع تفریحی مرکز بلیوارڈ آج بند کر دیا جائے گا
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر2019ء) سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ الریاض میں واقع تفریحی مرکزبلیوارڈ وقتی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین تُرکی آل الشیخ نے بتایا کہ بلیوارڈ کی یہ بندش عارضی ہے، اور دو روز بعد اسے دوبارہ عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ تُرکی آل الشیخ کے مطابق بولیوارڈ کی یہ عارضی بندش اندر کیے جانے والے انتظامات اور وہاں موجود تفریحی ٹرین کو آپریشنل حالت میں لانے کے لیے کی جا رہی ہے۔

آج بروز منگل شام چھ بجے بلیوارڈ میں کام شروع ہونے کے باعث اسے بند کر دیا جائے گا جو دو روز بعد کھول دیا جائے گا۔ تاہم یہاں موجود سینما ہاؤس اور تھیٹر عوام کے لیے کھُلے رہیں گے۔ تُرکی آل الشیخ نے گزشتہ روز بلیوارڈ میں کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تفریحی مرکز کے اندر ٹرین چلانے کے علاوہ اس کی سجاوٹ اور آرائش پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس کے باعث یہ مقام سیاحوں کے لیے پہلے سے زیادہ پُرکشش اور جاذب نظر ہو جائے گا۔

تُرکی ال الشیخ نے بتایا کہ صرف 4 روز میں اس تفریحی مرکز پر آنے والے افراد کی گنتی 20 لاکھ سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔ ریاض سیزن میں صرف سعودیوں نے ہی نہیں، بلکہ دیگر ممالک کے لاکھوں سیاحوں نے بھی شرکت کی جو اس کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ واضح رہے کہ 25 اکتوبر بروز جمعہ ایک کنسرٹ منعقد کیا جا رہا ہے جس میں پاکستانی فن کار راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم پرفارم کریں گے اس پروگرام میں شرکت کے لیے پاکستانی اور بھارتی کمیونٹی بہت پُرجوش دکھائی دے رہی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں