ریاض سیزن میں کچرا پھیلانے والوں کے خلاف سعودی حکومت کی اہم وارننگ

جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے مطابق کچرا پھیلانے والوں پر 500سے 1000ریال تک کا جرمانہ ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 23 اکتوبر 2019 09:52

ریاض سیزن میں کچرا پھیلانے والوں کے خلاف سعودی حکومت کی اہم وارننگ
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اکتوبر2019ء) 70  روزہ ریاض سیزن سعودی مملکت میں اس وقت بڑی کامیابی سے جاری ہے، جس میں دُنیا بھر کے گلوکار، اداکار، موسیقار اور دیگر فنی صلاحیتوں سے مالا مال لوگ اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس بین الاقوامی تفریحی سیزن میں ہالی وڈ اور بالی وڈ کی اہم شخصیات بھی شرکت کر رہی ہیں۔ ریاض سیزن کی انتظامیہ نے عوام کو تنبیہ کی ہے کہ وہ فیسٹیول کے دوران تمام تفریحی مقامات پر صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

اگر کوئی شخص گند ڈالنے کا مرتکب پایا گیا تو اُس پر 500ریال سے 1000 ریال تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ایک سعودی اخبار کے مطابق جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ تُرکی آل الشیخ نے ٹویٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اس پورے سیزن کے دوران تمام مقامات پر صفائی کا خاص خال رکھا جائے۔

(جاری ہے)

تاکہ سعودی عرب کا مثبت امیج سامنے آئے۔ جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے مطابق اگر کوئی شخص خالی بوتلیں، استعمال شدہ ڈبے، ریپرز، خالی لفافے یا کسی اور طرح کا کچرا کوڑے دان کے علاوہ اِدھر اُدھر پھینکتا نظر آیا تو اس پر 500یا 1000 ریال کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

پہلی بار خلاف ورزی پر کم از کم 500 ریال جبکہ دُوسری بار خلاف ورزی کی صورت میں 1000 ریال کا جرمانہ ہو گا۔ اتھارٹی کے مطابق فیسٹیول کے دوران صفائی کو یقینی بنانے کے لیے ریاض میونسپلٹی کے تعاون سے جگہ جگہ کوڑے دان نصب کیے گئے ہیں۔ فیسٹیول میں قائم تمام فوڈ اسٹالز کے قریب کوڑے دان بھی موجود ہیں تاکہ لوگوں کو کوڑے دان کی تلاش میں دُور نہ جانا پڑے اور وہ کھانے پینے کے بعد قریب موجود کوڑے دان میں ہی کچرا پھینک سکیں۔ واضح رہے کہ ریاض سیزن میں اب تک آنے والے لوگوں کی تعداد 15 لاکھ سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں