سعودی عرب میں انسانی سمگلنگ کی متعدد وارداتیں ناکام بنا دی گئیں

سمگلروں نے گاڑیوں کے خفیہ خانوں میں غیر مُلکیوں کو چھُپا کر مملکت میں داخل کرنے کی کوشش کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 نومبر 2019 13:47

سعودی عرب میں انسانی سمگلنگ کی متعدد وارداتیں ناکام بنا دی گئیں
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر 2019ء) سعودی کسٹم حکام نے مملکت کے مختلف سرحدی علاقوں سے انسانی سمگلنگ کی متعدد وارداتیں ناکام بنا دیں اور اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ ایک سعودی اخبار کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ محکمہ کسٹم نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر تفصیلات درج کی ہیں کہ گزشتہ چند دِنوں کے دوران انسانی سمگلنگ کی متعدد کوششیں ناکام بنائی گئی ہیں۔

کسٹم حکام کے مطابق انسانی سمگلروں نے البطحا اور القحجی کی سرحدی چوکیوں کے ذریعے انسانی اسمگلنگ کی کوشش کی تھی۔ سمگلروں نے گاڑیوں میں خفیہ خانے بنا کر ان میں لوگوں کو چھُپا رکھا تھا، تاہم کسٹم حکام کی عقابی نگاہوں سے نہ بچ سکے۔ جن تارکین کو گرفتار کیا گیا، ان میں سے کئی افراد مختلف مقدمات اور خلاف ورزیوں کے سلسلے میں سیکیورٹی اداروں کو مطلوب نکلے۔

(جاری ہے)

کسٹم حکام نے مقامی اور غیر ملکی افراد سے اپیل کی ہے کہ انہیں جہاں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی موجودگی کا پتا چلے تو متعلقہ سرکاری اداروں کے ان کے بارے میں اطلاع دی جائے۔ واضح رہے کہ سعودی مملکت میں گزشتہ23 ماہ سے جاری غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف آپریشن میں تیزی آ چکی ہے۔ جبکہ غیرقا نونی تارکین کو پناہ دینے اور ملازمت فراہم کرنے والوں کو بھی سزائیں سُنائی جا رہی ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق یہ تارکین اقامہ، محنت اور سرحدی سلامتی کے قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیے گئے۔ مملکت میں اس وقت 41 لاکھ 56 ہزار سے زائد افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔جن میں سے 10 لاکھ36 ہزار 810 افراد کو بے دخل کیا جا چکا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ 5 لاکھ72ہزار 446 غیر قانونی تارکین کو فوری سزائیں دی گئیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں