سعودی عرب میں کھیتوں اور پہاڑوں میں چھُپے 65 پاکستانی گرفتار، عورتیں اور بچے بھی شامل

ان غیر قانونی پاکستانی تارکین کی گرفتاری الزیمہ کے دیہی علاقے سے کی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 12 دسمبر 2019 14:19

سعودی عرب میں کھیتوں اور پہاڑوں میں چھُپے 65 پاکستانی گرفتار، عورتیں اور بچے بھی شامل
مکّہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12دسمبر 2019ء ) سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم 65 پاکستانی مرد و خواتین بچوں سمیت گرفتار کر لیے گئے۔ ان افراد کی گرفتاری مرکز الزیمہ کے کھیتوں اور پہاڑوں سے عمل میں آئی۔ اُردو نیوز نے سبق ویب سائٹ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یہ غیر قانونی تارکین گرفتاری سے بچنے کی خاطر ویران مقام پر پناہ لیے ہوئے تھے۔ جنہیں مخبری کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔

ان پاکستانی تارکین کی گرفتاری کے لیے بُدھ اور جمعرات کی درمیانی شب چھاپہ مارا گیا، جو فجر کے وقت تک جاری رہا۔ جس دوران درجنوں پاکستانی مرد اور خواتین گرفتار کیے گئے، کچھ کے ساتھ بچے بھی تھے۔ پولیس اہلکاروں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس چھاپے کے دوران گرفتار کیے گئے زیادہ تر افراد کا تعلق پاکستان سے ہے جو اپنے بیوی بچوں سمیت مملکت میں مقیم تھے تاہم اُن کے ویزوں کی معیاد بہت عرصہ پہلے ختم ہو چکی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق’گرفتار شدگان کے پاس شناختی دستاویزات نہیں تھے۔ وہ یہاں چھوٹے موٹے کام کرکے گزر بسر کرتے تھے۔ان افراد کا خیال تھا کہ وہ پہاڑوں، کھیتوں اور دیگر ویران مقامات پر پناہ لینے کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچ جائیں گے۔ کیونکہ ان کا ٹھکانہ آبادی سے بہت دُور اور دُشوار گزار راستے کے بعد آتا تھا۔ تاہم سیکیورٹی فورسز نے وہاں پہنچ کر تمام افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ان غیر قانونی تارکین کو گرفتار کروانے میں دیہی علاقے کے رہائشیوں نے بھرپور تعاون کیا ہے۔ انہی لوگوں نے پولیس کو ان کے بارے میں اطلاع دی تھی۔ پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گرفتار کیے گئے تمام پاکستانیوں کو النسیم پولیس اسٹیشن میں رجسٹریشن اور تفتیش کے بعد غیر قانونی تارکین کے لیے مخصوص شمیسی جیل بھیج دیا جائے گا۔ جہاں کچھ عرصہ رہنے کے بعد اُنہیں واپس پاکستان ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔
سعودی عرب میں کھیتوں اور پہاڑوں میں چھُپے 65 پاکستانی گرفتار، عورتیں ..

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں