سعودی تاریخ میں اے ٹی ایم مشین سے رقم چوری کی بڑی واردات ہو گئی

ریاض کے رہائشی علاقے میں نصب اے ٹی ایم مشین سے 14 لاکھ ریال چُرا لئے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 فروری 2020 12:53

سعودی تاریخ میں اے ٹی ایم مشین سے رقم چوری کی بڑی واردات ہو گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17فروری 2020ء) سعودی عرب میں امن و امان نافذ رکھنے والے ادارے بڑی جانفشانی سے کام کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود مملکت میں چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم کی وارداتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ سعودی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی مملکت میں اے ٹی ایم سے رقم چرانے کی بڑی واردات ہوئی ہے جس میں نامعلوم افراد اے ٹی ایم مشین سے 14 لاکھ ریال چُرا کر فرار ہو گئے۔

یہ واقعہ رات کے اندھیرے میں ریاض کے علاقے السلی میں ایک بینک کے باہر نصب اے ٹی ایم میں رونما ہوا ہے ۔ پولیس کے مطابق چوروں نے اے ٹی ایم مشین کو کاٹنے کے لیے گیس کا استعمال کیا ۔ نامعلوم چوروں نے اے ٹی ایم میں گیس بھر کر اسے دھماکے سے اُڑا دیا اور پھراس میں موجود رقم لُوٹ کر فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

یہ رقم تقریباً 14 لاکھ ریال کے لگ بھگ ہے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ فجر کے وقت کسی شہری نے اطلاع دی کہ قریب واقع ایک اے ٹی ایم میں زوردار دھماکا ہوا ہے۔

جب پولیس کی ٹیم چند منٹوں میں ہی جائے وقوعہ پر پہنچی تو اس سے قبل ہی چور رقم لُوٹ کر فرار ہو چکے تھے۔ نامعلوم چوروں کو گرفتار کرنے کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی لی جا رہی ہے۔ امکان ہے کہ اس انوکھی واردات میں ملوث چوروں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی اور طائف کے علاقوں میں 4 ٹریفک کیمروں کو چُرایا گیا یا توڑا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق تمام کیمروں میں ٹریکر نصب ہونے کے باوجود ہوشیار چور انہیں چُرانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ ان چوری شدہ کیمروں کی لوکیشن بھی معلوم نہیں ہو پا رہی۔ جموم میں بھی عیدگاہ کے قریب نصب ٹریفک کیمرہ کوئی نامعلوم شخص توڑ پھوڑ کے بعد اُکھاڑ کر لے گیا۔ جس کی تلاش جاری ہے۔ کچھ علاقوں سے ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے والے آٹو میٹک آلات بھی چُرائے گئے ہیں۔ چوروں کی ہمت اتنی بڑھ گئی ہے کہ مکہ مکرمہ کے علاقے العزیزیہ میں ٹریفک پولیس کا ایک اہلکار کیمروں کی چیکنگ کے لیے گاڑی سے نیچے اُترا تو قریب ہی موجود ایک شخص فوراً گاڑی میں آ بیٹھا اور چند لمحوں میں گاڑی بھگا کر فرار ہو گیا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں