سعودی عرب میں ننھی بچی پر تشدد کرنے والی سنگدل ماں گرفتار کر لی گئی

سوشل میڈیا پر بچی کی مار پیٹ اور چیخ و پکار کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے خاتون کی بھرپور مذمت کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 20 فروری 2020 10:57

سعودی عرب میں ننھی بچی پر تشدد کرنے والی سنگدل ماں گرفتار کر لی گئی
دمام(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20فروری 2020ء) سعودی عرب میں گزشتہ دِنوں ایک ویڈیو وائرل ہو ئی تھی جس میں ایک مقامی خاتون اپنی دو تین سال کی ننھی بچی کو شدید مار پیٹ کا نشانہ بنا رہی ہے۔ جس کے باعث مسلسل رو رہی ہے اور انتہائی خوف زدہ بھی دکھائی دیتی ہے۔ بچی کے رونے کے باوجود سنگ دل ماں کو اس پر ترس نہیں آتا، اور وہ اسے زد و کوب کرنے کا سلسلہ جاری رکھتی ہے۔

بچی کی آنکھوں میں ایک سہم اور خوف دکھائی دے رہا ہے۔سعودی خاتون کی سفاکی کا یہ عالم تھا کہ اُس نے یہ ویڈیو خود ہی بنائی اور خود ہی اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کر دیا۔ جس کے باعث وہ مصیبت میں پھنس گئی۔ نہ صرف اسے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بننا پڑا بلکہ وہ گرفتار ہو کر تھانے بھی پہنچ چکی ہے۔ سعودی خاتون کی اپنی بچی کے ساتھ اس بے رحمانہ مار پیٹ کی ویڈیو وائرل ہونے کی دیر تھی کہ سوشل میڈیا صارفین نے اس خاتون کو اس کے منفی رویئے پر شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

(جاری ہے)

یہ ویڈیو چند گھنٹوں میں ہی وائرل ہو گئی۔ جس کے بعد صارفین کی جانب سے مطالبہ کیا جانے لگا کہ بچی کو زد وکوب کرنے والی خاتون کو فوری طور پر گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ چلایا جائے۔ جب یہ واقعہ سعودی پبلک پراسیکیوشن کے علم میں آیا تو وہاں سے فوری طور پر پولیس کو حکم دیا کہ خاتون کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کیا جائے۔ اطلاعات کے مطابق اپنی بیٹی پر تشدد کرنے والی یہ خاتون گرفتار کی جا چکی ہے۔

پراسیکیوٹر جنرل کے خاتون کے خلاف مقدمہ قانونِ تحفظ اطفال کے تحت درج کیا گیا ہے۔ اگر خاتون کے خلاف جرم ثابت ہو گیا تو اسے کئی ماہ تک جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھی رہنا پڑ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل سعودی عرب کے ایک سکول کے باہر کار پارکنگ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک سعودی والد اپنی دس سالہ بیٹی کو مار پیٹ رہا ہے اور اسے گاڑی میں بٹھا تے وقت اسے زور دے گاڑی کا دروازہ بھی دے مارتا ہے۔ وہاں موجود ایک راہگیر نے اس واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی تھی۔ جس کے بعد پولیس نے سنگ دل والد کو اپنی بچی کی مار پیٹ کے جرم میں گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں