دمام میں کرونا وائرس پھیلنے کی خبروں نے کھلبلی مچا دی

سعودی وزارت صحت کے ترجمان کی جانب سے صورت حال واضح کر دی گئ

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 27 فروری 2020 10:27

دمام میں کرونا وائرس پھیلنے کی خبروں نے کھلبلی مچا دی
دمام(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27فروری 2020ء) سعودی عرب میں کرونا وائرس پھیلنے کے خبروں نے عوام میں کھلبلی مچا دی ہے۔ اس وقت سوشل میڈیا پر درجنوں ایسی پوسٹس سامنے آ رہی ہیں جن کے مطابق دمام کے علاقے میں کرونا وائرس بُری طرح سے پھیل چکا ہے۔ سعودی عوام اور تارکین بہت زیادہ تشویش میں مبتلا ہیں۔تاہم اس حوالے سے سعودی وزارت صحت کی جانب سے وضاحت سامنے آ گئی ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے سعودی عرب کو کرونا وائرس سے محفوظ قرار دیا ہے۔ سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے مملکت میں کرونا وائرس کے معاملے کی تشخیص کے بارے میں افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔وزارت صحت کے ترجمان کی جانب سے تازہ ترین بیان میں کہا گیا ہے کہ دمام میں کرونا وائرس کا کوئی مریض نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اس خطے میں اس موذی وائرس کی موجودگی کے بارے میں سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔

محکمہ صحت کے ترجمان نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹویٹر پر کسی بھی کسی قسم کی افواہ سے بچنے کے لیے سرکاری اکاؤنٹ @SaudiMOH937 کو فالو کریں۔ مملکت میں کرونا کے حوالے سے غیر مصدقہ باتوں اور افواہوں پر کان نہ دھریں اور اس حوالے سے سرکاری بیان کا انتظار کریں۔واضح رہے کہ گذشتہ روز سوشل میڈیا پر یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ سعودی عرب کے شہر دمام میں متعدد افراد میں کرونا وائرس کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی ہے۔

چند روز قبل بھی سعودی عرب کے وزیر صحت توفیق الربیعہ نے بتایا تھا کہ مملکت میں کرونا وائرس کا ابھی تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر توجہ نہ دیں۔کسی بھی خطرے کے پیش نظر اس حوالے سے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔انہوں نے حکومتی اداروں کی طرف سے کرونا وائرس کے خطرات سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مملکت کو کرونا سے بچاؤ کے لیے تمام فضائی، سمندری اور زمینی داخلی راستوں پر مسافروں کی آمدو رفت کے دوران وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

وزیر صحت نے مملکت کے شہریوں اور غیرملکی باشندوں پر زور دیا کہ وہ وزارت صحت کی طرف سے دی گئی تجاویز پرعمل درآمد کو یقینی بنائیں اور کسی مشکوک بیماری کی صورت میں فورا ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پرپھیلائی جانے والی افواہوں پرکان نہ دھریں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں