سعودی عرب میں بل کی عدم ادائیگی پر بجلی کنکشن منقطع نہیں ہوگا

مملکت میں کورونا سے تحفظ کی خاطر محکمہ بجلی کے دفاتر بند کر دیئے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ مارچ 17:33

سعودی عرب میں بل کی عدم ادائیگی پر بجلی کنکشن منقطع نہیں ہوگا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مارچ 2020ء) سعودی عرب میں گزشتہ دو تین روز کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث ہنگامی نوعیت کے فیصلے لیے جا رہے ہیں۔ جن میں رات کے وقت جزوی کرفیو بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ آج کے روز مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور ریاض میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ آج ہی کے روز سعودی الیکٹرک کمپنی کی جانب سے بھی صارفین کو ایک پیغام دیا گیا ہے جس میں انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ اگر کوئی صارف اپنا بجلی کا ماہانہ بل ادا نہیں کرتا تو اس کا کنکشن منقطع نہیں کیا جائے گا۔

اُردو نیوز کے مطابق کورونا وائرس کی پھیلاو کی روک تھام کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کے پیش نظر سعودی عرب میں بجلی کے محکمہ نے اپنے صارفین کو بل کی ادائیگی میں تاخیر کے باعث کنکشن نہ کاٹے جانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ بجلی کے ترجمان نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ اس وائرس کے پھیلاو کو محدود کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے باوجود ہم اپنی خدمات کے اعلی معیار کی فراہمی کو یقینی بنائے رکھیں گے۔

بجلی کمپنی نے کہا ہے کہ ہمارے محکمے کی ایمرجنسی سروس ٹیمیں اپنے صارفین کی خدمات اور ضرورت کو پورا کرنے کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔بجلی کمپنی کے مطابق ملازمین کی صحت کی مستقل نگرانی کی جا رہی ہے او رعلامات ظاہر کرنے والے ملازمین کے کسی بھی معاملے کو فوری طور پر دیکھا جا رہا ہے اور اسے صحت سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

اس سلسلے میں تمام حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔کسی بھی ایک جگہ پر عملے کی تعداد کو محدود رکھا گیا ہے اور ان کے کام کرنے کی جگہ کے داخلی راستوں پر کورونا وائرس سے بچاو کے لیے صحت اور صفائی کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خاص کمپنیوں نے تعاون لیا گیا ہے۔محکمہ بجلی کے دفاتر بند ہونے کے بعد صارفین کو کمپنی سے رابطے کے متبادل طریقے مہیا کئے گئے ہیں اور سبسکرائبر کو آن لائن یا کال سنٹر کے ذریعے رابطے کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments