سعودی مملکت میں کورونا کے مریض صحت یاب ہونے لگے

محکمہ صحت نے آج کے روز 50 افراد کے شفایاب ہونے کی خوش خبری سُنا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 31 مارچ 2020 18:18

سعودی مملکت میں کورونا کے مریض صحت یاب ہونے لگے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31مارچ 2020 ء) سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، اگرچہ مملکت میں کورونا کے کیسز کی گنتی 1453 تک پہنچ چکی ہے تاہم کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی گنتی بھی کچھ کم نہیں ہے۔ سعودی گزٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں کورونا کے مزید 50 مریض آج صحت یاب ہو گئے ہیں، جنہیں واپس گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔

سعودی وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان 50 خوش نصیب افراد میں مقامی اور تارکین وطن دونوں شامل ہیں۔ اس طرح مملکت میں کورونا کے ظالم پنجوں سے بچ نکلنے والوں کی گنتی 165 ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مزید 154کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد مملکت میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 1453ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی وزیرِ صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز بھی کرونا کے 49 مریض صحتیاب ہوکر گھر چلے گئے تھے۔

جبکہ 22افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ سعودی عرب میں کورونا کے باعث زندگی سے محروم ہونے والوں کی گنتی 8 ہو چکی ہے۔ اس تمام صورتحال میں سعودی حکومت کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ عائد کی گئی پابندیوں پر عمل کریں، بصورت دیگر ان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔واضح رہے کہ سعودی حکومت مملکت میں کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئی سخت اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس وقت سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں لاک ڈاون ہے۔ سعودی عرب کے بیشتر نجی و سرکاری ادارے بند کیے جا چکے ہیں، جبکہ مساجد کو نمازوں کی ادائیگی کیلئے بھی بند کیا جا چکا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں