کورونا کا خوف، سعودیہ میں مقیم امریکی شہری نے وطن واپس جانے سے انکار کر دیا

امریکی نے اپنی ایک گھنٹے کی ٹویٹر ویڈیو میں کہا کہ سعودی عرب کو چھوڑ کر کورونا زدہ امریکا میں واپس جانا ایک سزا اور حماقت ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 1 اپریل 2020 12:27

کورونا کا خوف، سعودیہ میں مقیم امریکی شہری نے وطن واپس جانے سے انکار کر دیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اپریل 2020 ء) کورونا کی وبا نے دُنیا کی سپر پاور امریکا کو بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے۔ ریاست ہائے متحدہ امریکا میں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد ایک لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد جان کی بازی بھی ہار گئے ہیں۔ اس صورت حال نے دیگر ممالک میں موجود امریکیوں کو بھی شدید خوف زدہ کر دیا ہے۔

ایک ایسا ہی امریکی رینڈی وارٹن ان دنوں سعودی شہر الجبیل میں مقیم ہے۔ رینڈی نے وطن واپس جانے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ اس نے امریکی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موجودہ حالات میں کسی صورت امریکا واپسی کی حماقت نہیں کرے گا۔ اُردو نیوز کے مطابق رینڈی وارٹن کی ایک گھنٹے پر محیط وڈیو کلپ ٹویٹر پر وائرل ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

جس کی اصل رپورٹ امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے نشر کی ہے۔

اپنی طویل ویڈیو میں رینڈی سعودی عرب سے امریکیوں کو واپس بلائے جانے سے متعلق رپورٹوں پر اپنے تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہتا ہے ”کیا آپ لوگ وہ سب کچھ دیکھ رہے ہو جو سعودی عرب کررہا ہے؟ سعودی شاندار کام کر رہے ہیں۔ میں بہرحال یہاں بہت اچھی جگہ پر ہوں۔میں امریکہ واپس لے جانے والے کسی بھی طیارے پر سوار نہیں ہوں گا۔ یہ تو ایک طرح کی سزا ہوگی یہ کوئی اچھی بات نہیں ہوگی۔

بہتر ہوگا کہ آپ کورونا سے نمٹنے کی تیاری کریں۔“ امریکی شہری رینڈی کا مزید کہنا تھا ’ ’امریکیوں کو سعودی عرب سے نکال کر کیوں لے جایا جائے گا؟ اس وقت امریکہ دنیا بھر میں کورونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔ اس وقت سعودی عرب چھوڑ کر جانا بے وقوفی ہوگی۔سعودی اخبار میں امریکی سفارتخانے کے حوالے سے یہ خبر شائع ہوئی ہے کہ امریکی حکومت اپنے شہریوں کو سعودی عرب سے واپس لے جانے کا پروگرام بنا رہی ہے۔

یہ نامعقول بات ہے۔ میں واپس نہیں جانا چاہتا- مملکت میں ہی رہوں گا۔ اس وقت امریکہ جانا بے وقوفی ہے۔“سی این این کی جانب سے وائرل ہونے والی وڈیو پر سعودی شہریوں کے تبصرے بھی شائع کیے ہیں۔ ایک سعودی صارف ابراہیم القحطانی نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’سعودی عرب دنیا کی واحد ریاست ہے جو نئے کورونا وائرس کے ماحول میں بیرون ملک مقیم اپنے شہریوں سے دستبردار نہیں ہوئی۔“ جبکہ قاسم الزرعی نے ٹویٹ میں امریکی شہری کے اس بیان پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ سعودی عرب میں خوش ہے اور یہاں کورونا کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات بہتر ہیں-

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں