پولیس اہلکار کے بھیس میں تارکین وطن کو لُوٹنے والا گرفتار

سعودی نوجوان پاکستانیوں سمیت متعدد غیر مُلکیوں کی تلاشی کے بہانے مار پیٹ کر کے ان سے نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیتا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 مئی 2020 11:28

پولیس اہلکار کے بھیس میں تارکین وطن کو لُوٹنے والا گرفتار
ریاض( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21مئی 2020ء) سعودی عرب کے شہر قصیم میں پولیس اہلکار کے بھیس میں لوٹ مار کی وارداتیں کرنے والا سعودی نوجوان پکڑا گیا ہے۔ القصیم پولیس کے ترجمان بدر السحیبانی نے بتایا کہ ملزم نے پاکستانیوں سمیت متعدد افراد کو پولیس اہلکار ہونے کا جھانسہ دے کر ان کی قیمتی دستاویزات اور رقم چھینی تھی۔ متعدد غیر ملکی ملازمین نے علاقے کے تھانے میں شکایت درج کرائی کہ ایک مقامی شخص جو خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتا ہے، ان کی رہائش گاہ پر آ کر ان کے سامان کی تلاشی لیتا ہے، تشدد کرتا ہے اور پھر اقامے، پاسپورٹ اور نقد رقم اور قیمتی سامان چھین کر چلا جاتا ہے۔

متاثرہ افراد کے بتائے گئے حُلیے سے پتا چلا کہ متعدد وارداتوں میں ایک ہی شخص ملوث ہے، جس کے بعد اس نوجوان کی تلاش کر کے اس کے ٹھکانے سے گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم نے تفتیش کے دوران اپنے جرائم کا اعتراف کر لیا۔ ملزم نے بتایا کہ وہ پولیس اہلکار کے حُلیے میں تارکین وطن کی رہائش گاہوں پر جا کر جھوٹ موٹ میں انہیں ڈراتا تھا کہ وہ غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم ہیں۔

اس کے بعد تلاشی کے بہانے ان کے پاسپورٹس، اقامے، نقد رقم اور دیگر قیمتی سامان ہتھیا لیتا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے اسے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل مدینہ منورہ پولیس نے چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 20 پاکستانیوں پر مشتمل ایک بڑے گینگ کو گرفتار کیا تھا جو مجموعی طور پر 90 لاکھ 70 ہزار مالیت کی ہائی وولٹیج کیبل چوری کر چکے تھے۔

یہ گروہ حکومتی پراجیکٹس کی سائٹس کے علاوہ نجی پراجیکٹس سائٹس سے بھی لاکھوں ریال کی کیبل چوری کر چکا تھا۔ یہ گروہ وارداتوں کے دوران وہاں موجود چوکیداروں اور سیکیورٹی گارڈز پر بھی حملے کرتا تھا اور انہیں رسیوں سے باندھ کر تشدد کرتا تھا۔ اس پاکستانی گینگ نے مدینہ کے علاوہ ینبع، مکہ مکرمہ، جدہ، طائف اور حائل میں مجموعی طور پر 21وارداتیں انجام دی تھیں۔ یہ ڈکیت گینگ اس قدر خوفناک تھا کہ انہوں نے لُوٹی گئی رقم کی تقسیم کے معاملے پر اپنے ہی ایک ساتھ کوقتل کر نے کے بعد اس کی لاش جلا کر دفن کر دی تھی۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں