سعودی خاتون نے کرائے کے مکان سے نکالے جانے کے بعد بس میں ٹھکانہ بنا لیا

خاتون کو حکومت نے مکان کی پیش کش کر دی، مگر خاتون نے بس کی رہائش چھوڑنے سے انکار کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 23 مئی 2020 17:55

سعودی خاتون نے کرائے کے مکان سے نکالے جانے کے بعد بس میں ٹھکانہ بنا لیا
ریاض( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23مئی 2020ء) سعودی خاتون کو اس کے مکان مالک نے کرایہ نہ دینے پر مکان سے نکال دیاتو اس بے سہارا خاتون نے ایک سڑک کنارے کھڑی بس میں رہائش اختیار کر لی۔ اس واقعے سے متعلق ویڈیو سامنے آنے پر صارفین دُکھی ہو گئے۔ المرصد اخبار کے مطابق سعودی خاتون الخوبار گورنریٹ میں العزیزیہ کے ایک اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھی، تاہم کئی مہینوں تک کرایہ ادا نہ کرنے پر اپارٹمنٹ کے مالک نے اسے بے دخل کر دیا۔

جس کے بعد یہ سعودی خاتون علاقے میں ہی کھڑی ایک خراب بس میں مقیم ہو گئی ہے۔ سڑک پر سے گزرنے والے ایک شخص نے جب خاتون کو بند پڑی بس میں دیکھا تو حیران رہ گیا اور اس موقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔ یہ ویڈیو وائرل ہو گئی تو صارفین کی جانب سے اس خاتون کے لیے بہت ہمدردی اور دُکھ کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس ویڈیو کا وزارت محنت کی جانب سے بھی نوٹس لیا گیا اور ایک اعلیٰ افسر کو بھی خاتون کے پاس روانہ کر دیا۔

جس نے اسے حکومت کی جانب سے ایک مکان خرید کر دینے کی پیشکش کی، مگر خاتون نے مکان لینے سے انکار کر دیا۔خاتون کا کہنا تھا کہ یہ بس اس نے کافی عرصہ پہلے خریدی تھی، وہ اس بس کو چھوڑ کر کہیں اور ٹھکانہ نہیں بنائے گی۔ مزید پتا چلا ہے کہ اس سے قبل بھی ایک رفاہی ادارے البیر سوسائٹی نے خاتون کو دباب ضلع میں رہائش کے لیے ایک اپارٹمنٹ دیا تھا، مگر اس نے بس کو چھوڑنے سے انکار کر دیا تھا۔ تاہم وزارت محنت کی جانب سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سعودی خاتون کے لیے فوری طور پر مناسب مکان کا بندوبست کیا جائے۔سوشل میڈیا پر بھی کچھ مخیر حضرات نے خاتون کی مالی امداد اور رہائش فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں