سعودی تاریخ کی بڑی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

کسٹم حکام نے ٹرکوں میں ہوشیاری سے چُھپائی 17 لاکھ نشہ آور گولیاں ضبط کر لیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 28 مئی 2020 14:08

سعودی تاریخ کی بڑی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام
ریاض(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-82مئی2020ء) سعودی عرب کی تاریخ کی بڑی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔

سعودی کسٹم حکام کی جانب سے کی گئی کارروائی میں پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق کسٹم حکام نے ٹرکوں میں ہوشیاری سے چُھپائی 17 لاکھ نشہ آور گولیاں ضبط کرلی ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی عرب میں کسٹم حکام نے منشیات کی بھاری مقدار کی مملکت اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ اس دوران مذکورہ حکام کو انسداد منشیات ے جنرل ڈائریکٹریٹ کا تعاون حاصل رہا۔

کسٹم حکام کے مطابق انہوں نے 17 لاکھ سے زیادہ نشہ آور کیپٹاگون گولیوں کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔ اس کے اس منشیات کی وصولی میں ملوث 5 افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ منشیات کا ایک حصہ ریاض میں الجاف کی بندرگاہ پر پکڑا گیا جب کہ بقیہ مقدار الحدیثہ کی زمینی گزر گاہ پر دو علاحدہ کارروائیوں میں ضبط کی گئی۔

ان تمام کوششوں میں اسمگلنگ کے ذمے دار افراد نے منشیات کو ٹرانسپورٹ ٹرکوں کے اندر نہایت تکنیکی طریقے سے چھپایا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سعودی پولیس نے تین سمگلروں کو گرفتار کر لیا ہے جو خود کو خواتین ظاہر کر کے ہزاروں نشہ آور گولیاں اور چرس اسمگل کر رہے تھے، تاہم شک پڑنے پر انہیں دھر لیا گیا۔ المرصد ویب سائٹ کے مطابق ہوشیاری سے کی جانے اسمگلنگ کی یہ واردات قصیم ریجن میں ناکام بنائی گئی۔

قصیم پولیس ریجن کے میڈیا ترجمان کرنل بدر الصہیبانی نے بتایا کہ پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن کی عمریں بیس پینتیس سال کے درمیان ہیں۔ یہ افراد خود کو برقعے میں چھُپا کر گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔ گاڑی میں انہوں نے منشیات بھی چھُپا رکھی تھیں۔ راستے میں ان کی گاڑی ایک چیک پوسٹ سے گزر رہی تھی، جہاں ڈیوٹی پر تعینات ایک سیکیورٹی اہلکار نے انہیں روکا تو اسے شک گزرا کہ معاملہ کچھ مشکوک ہے۔

اہلکار کی جانب سے ان تینوں افراد سے کہا گیا کہ وہ اپنا چہرہ دکھائیں۔ تاہم ان برقعہ پوش اسمگلروں نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا، جس پر اہلکار کا شک یقین میں بدل گیا۔ اتنی دیر میں ان افراد نے گاڑی بھگا دی۔ تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے ان کا تعاقب کر کے گاڑی رکوائي اور جب اس کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے 5943نشہ آور گولیاں ار نشہ آور گولیاں اور 37 گرام چرس برآمد ہوئی، جس کے بعد ان کے بُرقعے اُتروائے گئے تو پتا چلا کہ یہ افراد دراصل مرد ہیں جنہوں نے پکڑے جانے سے بچنے کی خاطر زنانہ لباس پہن رکھا تھا۔

ان تمام افراد سے پولیس اسٹیشن میں ابتدائی تحقیقات کی گئیں جس کے بعد مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کی خاطر انہیں سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اگلے چند روز میں ان افراد کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں منشیات فروشی پر موت کی سزا دی جاتی ہے، جس پر عمل درآمد کی خاطر مجرم کا سر قلم کر دیا جاتا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں