عمرہ کے خواہش مندوں کو بُری خبر سُنا دی گئی

سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ عمرہ اور حرمین شریفین کی زیارت پر پابندی برقرار رہے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 28 مئی 2020 15:11

عمرہ کے خواہش مندوں کو بُری خبر سُنا دی گئی
ریاض(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-82مئی2020ء) کورونا وائرس کی وبا کے باعث گزشتہ کئی ماہ سے عمرہ کی ادائیگی روک دی گئی ہے۔ جس کے باعث لاکھوں فرزندان توحید دُکھ کی کیفیت میں ہیں، اور شدت سے منتظر ہیں کہ کب دوبارہ سے عمرہ زائرین کو مملکت میں داخلے کی اجازت مل جائے، اور انہیں حجاز مقدس کی سرزمین پر آنے کی بابرکت سعادت حاصل ہو جائے۔

تاہم اب سے تھوڑی دیر قبل سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ کے خواہش مندوں کو بُری خبر سُنا دی گئی ہے جس کے باعث ان کا اگلا چند مہینوں میں عمرہ اور طواف کعبہ کی خواہش پُوری ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔

(جاری ہے)

سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ عمرہ اور حرمین شریفین کی زیارت پر پابندی برقرار رہے گی۔ سعودی حکومت کی جانب سے فی الحال عمرہ اور حرمین شریفین کی زیارت پر عائد پابندی نہیں ہٹائی جا رہی۔

وزارت مذہبی امور کے آفیشل ٹویٹر اکائونٹ پر بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی دانش مند قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک حالات معمول پر نہیں آ جاتے، عمرہ اور مقامات مقدسہ کی زیارت پر عائد حالیہ پابندی برقرار رکھی جائے گی۔ کورونا وبا کی صورت حال کو سامنے رکھ کر مستقبل میں بھی وقتاً فوقتاً پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کی جاتی رہے گی۔
واضح رہے کہ رواں سال حج کا بڑے پیمانے پر انعقاد نہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

۔سعودی حکومت کی جانب سے حج سے متعلق حتمی اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔چند ہفتے قبل پاکستانی وزارت مذہبی امور نے سعودی وزارت حج سے رابطہ بھی کیا تھا اور استفسار کیا ہے کہ رواں سال حج ہوگا یا نہیں یا اس حوالے سے کیا انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے حکومت کو جواب دیا گیا ہے کہ کورونا کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔صورتحال کلیئر ہونے پر تمام ممالک کا آغاز کیا جائے گا۔

حکام وزارت مذہبی امورکا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ حج سے متعلق ایس او پیز کے مطابق انتظامات کریں گے۔ ایک کمرے میں ایک شخص کو رکنے کی اجازت ہوئی تو حج مہنگا ہوگا۔حکام وزارت مذہبی امور کا مزید کہنا ہے کہ رمضان کے بعد حج کا فیصلہ ہوا تو ہنگامی انتظامات کرنے ہونگے۔ رمضان المبارک کے بعد اگر حج کرانے کا فیصلہ ہوا تو ہمارے پاس وقت کم ہوگا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں