سعودی عرب میں گوشت، سبزیاں، ڈیری اور دیگر فوڈ پراڈکٹس مہنگی ہونے والی ہیں

10جون سے فوڈ پراڈکٹس پر3سے 25 فیصد تک کسٹم ڈیوٹی بڑھا دی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 30 مئی 2020 10:55

سعودی عرب میں گوشت، سبزیاں، ڈیری اور دیگر فوڈ پراڈکٹس مہنگی ہونے والی ہیں
ریاض(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-30مئی2020ء) سعودی مملکت میں کھانےپینے کی تمام اشیاء کی قیمتوں میں عنقریب اضافہ ہونے لگا ہے۔ 10جون سے فوڈ پراڈکٹس پر3سے 25 فیصد تک کسٹم ڈیوٹی بڑھا دی جائے گی۔ سعودی کسٹم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ سعودی کابینہ کے فیصلے کے مطابق 10 جون سے فوڈ پراڈکٹس پر 3 تا 25 فیصد تک کسٹم ڈیوٹی بڑھا دی جائے گی.محکمہ کسٹم کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق ایسی اشیاء جن پر ماضی میں کسٹم ڈیوٹی عائد نہیں تھی، ان پر بھی آئندہ سے ڈیوٹی لگائی جا رہی ہے، ان میں بکری اور بھیڑ کا گوشت شامل ہے، جس پر 7فیصد تک ڈیوٹی لگائی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ سبزیوں پر بھی ماضی میں کسٹم ڈیوٹی نہیں تھی، تاہم اب مختلف سبزیوں پر پندرہ فیصد تک کسٹم ڈیوٹی لگ جائے گی۔

(جاری ہے)

اسی  طرح ڈیری پراڈکٹس اور تمام مشروبات پر 5 سے 10  تک ڈیوٹی بڑھا دی جائے گی۔ پنیر پر بھی 5 تا 6 فیصد ڈیوٹی لگائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ  تمام مچھلیوں پر بھی 3 تا 6 فیصد تک کسٹم ڈیوٹی بڑھ جائے گی۔ خیال رہے کہ حال ہی میں سعودی عرب کی حکومت نے کرونا وائرس کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کے ایک پیکج کا اعلان کیا تھا۔

ان اقدامات میں جولائی میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح میں 15 فی صد اضافہ کیا جائے گا جب کہ جون سے شہریوں کو دیا جانے والا مہنگائی الاؤنس واپس لے لیا گیا ہے۔سعودی وزیر خزانہ اور وزیر برائے معیشت و منصوبہ بندی محمد الجدعان نے غیر معمولی عالمی کرونا وبائی بیماری اور اس کے مالی اور معاشی نقصانات کو کم سے کم کرنے اور ممکنہ نقصان پر قابو پانے کے لیے مملکت کی معیشت کی حفاظت کے لیے اقدامات کا اعلان کیا تھا۔سعودی عرب کے معاشی امور کے ماہر فضل بوعنین نے کہا ہے کہ کورونا کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں 60فیصد کمی ہوگئی ہے جس کے باعث سعودی عرب کی قومی آمدنی 50 فیصد کم ہو گئی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں