سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ہوشیار ہو جائیں

اقامے کی تجدید نہ کروانے پر تارکین وطن کو پہلی بار 500 ریال جبکہ دوسری بار 1000 ریال کا جرمانہ کیا جائے گا، تیسری بار ڈی پورٹ کر دیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 24 جون 2020 12:51

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ہوشیار ہو جائیں
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24جون 2020ء) سعودی عرب میں روزگار کی غرض سے ایک کروڑ سے زائد غیر ملکی مقیم ہیں جن میں سب سے بڑی گنتی پاکستانیوں کی ہے جو 25 لاکھ کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ جن تارکین وطن کے اقاموں کی مُدت ختم ہو چکی ہے، وہ فوری طور پر ان زائد المیعاد اقاموں کی تجدید کروالیں، ورنہ انہیں جرمانے کا سامنا کرنا پڑ ے گا۔

گلف نیوز کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ (جوازات) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ رہائشی اقاموں کی فوری تجدید کروائیں، تاکہ جرمانوں سے محفوظ رہ سکیں۔ اگر کوئی تارک وطن اپنے زائد المیعاد اقامے کی تجدید نہیں کرواتا تو پہلی مرتبہ اس خلاف ورزی پر 500 ریال کا جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ دوسری بار اس خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے کی رقم بڑھا کر دُگنی یعنی ایک ہزار ریال کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

جبکہ تیسری بار اگر کوئی تارک وطن بروقت رہائشی اقامے کی تجدید نہیں کرواتا تو اسے مملکت سے بے دخل کر دیا جائے گا۔ تارکین وطن اپنے اقاموں کے کار آمد ہونے کا پتا چلانے کے لیے وزارت داخلہ کی آن لائن سروسز ابشر اور مقیم کی ویب سائٹس پر جا کر اپنا سٹیٹس پتا کروا سکتے ہیں۔ اپریل 2020ء میں جوازات کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ مملکت میں مقیم اور مملکت سے باہر تمام سعودی اقامہ ہولڈرزکے اقاموں کی مُدت میں تین ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔

تاہم توسیعی مُدت کی تاریخ ختم ہونے کے بعد اقاموں کی تجدید کروانا لازمی ہو گا۔ اقاموں میں یہ توسیع 30 جون 2020 تک کے لیے کار آمد ہے۔ سعودی عرب کی آبادی ساڑھے تین کروڑ کے لگ بھگ ہیں جن میں تارکین وطن کی تعداد 1 کروڑ پانچ لاکھ کے قریب بتائی جاتی ہے۔واضح رہے کہ سعودی مملکت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے غیر معمولی حالات کے باعث تارکین وطن کے اقاموں کی مُدت میں تین ماہ کی توسیع بلامعاوضہ کی جائے گی۔

محکمہ پاسپورٹ (جوازات) نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے کی مدت میں تین ماہ کی توسیع شروع کر دی تھی۔ اس فیصلے کا اطلاق نجی شعبے کے ان غیر ملکی کارکنان پر کیا گیا تھا جن کے اقاموں کی معیاد ختم ہوچکی تھی یا 18 مارچ تک ختم ہوئی تھی۔ ان کے اقاموں کی مُدت تین ماہ کا اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے بدلے میں ان سے کوئی فیس وصول نہیں کی گئی تھی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں