سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی لازوال دوستی مزید مضبوط ہو گئی

سعودیہ نے اقوام متحدہ کی غیر مستقل نشست کے لیے امارات کی حمایت کا اعلان کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 3 جولائی 2020 12:19

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی لازوال دوستی مزید مضبوط ہو گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 جولائی 2020ء) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ہمیشہ سے ہی انتہائی خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔ سعودی عرب میں واقع مقدس مقامات کی وجہ سے یو اے ای ہمیشہ سعودی عرب کو اپنے بڑے بھائی کا درجہ دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کبھی کسی سرحدی، نظریاتی یا جغرافیائی تنازعے نے جنم نہیں لیا۔ سعودی حکومت کی جانب سے ایک تازہ ترین بیان سامنے آیا ہے جس نے امارات والوں کے دل جیت لیے ہیں۔

العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا دو سال کے لیے غیر مستقل رکن بنانے کی حمایت کردی ہے۔یو اے ای 2022 اور 2023ء میں سلامتی کونسل کی ایک غیر مستقل نشست کا امیدوار ہے۔اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے نائب مستقل مندوب خالد بن محمد منزلاوی نے ایشیا ، بحرالکاہل گروپ کے ورچوئل اجلاس میں یو اے ای کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب اور یو اے ای دنیا میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے ایک ہی جیسے ویڑن کے حامل ہیں۔ یو اے ای نے بین الاقوامی تعاون ، امن ، سلامتی اور پائیدار ترقی سے متعلق بہت سے بڑے ایشوز کو طے کیا ہے۔سعودی نائب مندوب نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یو اے ای نے مشرقِ اوسط اور دنیا بھر میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کیا ہے۔

انھوں نے دوسرے ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کے لیے متحدہ عرب امارات کی حمایت کریں۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کل ارکان کی تعداد 15 ہے۔ ان میں پانچ مستقل رکن ممالک ہیں اور وہ چین ، فرانس ، روس ، برطانیہ اور امریکا ہیں۔ کونسل کے دس ارکان غیر مستقل ہوتے ہیں۔دنیا کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے ممالک کا دو،دو سال کے لیے انتخاب کیا جاتا ہے۔اس وقت بیلجیئم ، جمہوریہ ڈومینیکن ، ایسٹونیا ، جرمنی ، انڈونیشیا ، نیجر ، سینٹ وینسنٹ اور گرینیڈینیس ، جنوبی افریقا ، تْونس اور ویت نام سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن ممالک ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں