سعودیہ میں قائم پاکستانی سفارت خانےکی کارکردگی بہترین ہو گئی

پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے بتایا کہ سفارت خانہ روزانہ 1000 کے قریب پاکستانیوں کو قونصلر فراہم کررہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 7 جولائی 2020 10:44

سعودیہ میں قائم پاکستانی سفارت خانےکی کارکردگی بہترین ہو گئی
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 جولائی 2020ء) سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا ہے کہ ہماری قونصلر خدمات پوری رفتار سے جاری ہیں،سفارت خانہ روزانہ 1000 کے قریب پاکستانیوں کو قونصلر فراہم کررہا ہے۔ایک بیان میں راجہ علی اعجاز نے کہاکہ قونصلر خدمات کے علاوہ ان پاکستانیوں کو فلاحی خدمات بھی فراہم کی جا رہی ہیں،ہم کورونا کے حوالے حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کورونا احتیاطی تدابیر کے تحت درخواست دہندگان کے انتظار کے وقت کو کم کرنے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔پاکستانی سفیر نے سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے میں قونصلر و فلاحی خدمات کی فراہمی کی تصاویر بھی جاری کر دیں۔ واضح رہے کہ پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے چند روز قبل اعلان کیا گیا تھا کہ اکانومی کلاس کا یک طرفہ کرایہ 1,816ریال جبکہ سپیشل اکانومی کا کرایہ 2,182 ریال مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سفارت خانے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ٹریول ایجنٹ ٹکٹ کے بدلے میں فکس ریٹ سے زیادہ رقم کا مطالبہ کرے تو اس کی اطلاع فوری طور پر پاکستانی سفارتخانے یا پی آئی اے دفتر کو دی جائے۔جبکہ پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے بھی اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ اگر کسی پاکستانی کو لگتا ہے کہ اسے PIA کی ٹکٹ مہنگے داموں بیچ جا رہی ہے تو وہ مجھ سے براہ راست 0599558311پر رابطہ کر لے۔

دوسری جانب ۔وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے اوور سیز پاکستانیز زلفی بخاری نے واضح کیا کہ وطن واپسی کے لیے ان پاکستانی تارکین کو ترجیح دی جا رہی ہے جن کی ملازمتیں کورونا کی وجہ سے ختم ہو چکی ہیں ۔ زلفی بخاری نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے واپس پاکستان آنے کے لیے ٹکٹس صرف پی آئی اے سے براہ راست خریدے جائیں گے۔ پی آئی اے کی جانب سے تمام پاکستانی شہروں کے لیے ایک ہی ریٹ پر ٹکٹ فروخت کی جا رہی ہیں، مسافروں سے اوور چارجنگ اور ان کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سید زلفی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی ٹکٹس کے بدلے میں زیادہ رقم وصول کرتا ہے تو شکایت درج کرانے کے لیے ان نمبر اور ای میل ایڈریسز پر رابطہ کریں۔‘ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں