سعودی عرب میں مقیم حج کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے اہم اطلاع

حج کی رجسٹریشن کے لیے درخواستوں کی وصولی کا وقت آج ختم ہو جائے گا، خوش نصیبوں کو 12 جولائی کو اطلاع دی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 10 جولائی 2020 16:17

سعودی عرب میں مقیم حج کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے اہم اطلاع
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جولائی 2020ء) رواں سال کورونا کی وبا کے باعث حج کو صرف سعودیہ میں مقیم تارکین اور مقامی افراد تک محدود کر دیا گیا ہے۔ فی الحال یہی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس بار صرف دس ہزار افراد کو حج کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستان بھی حج کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ سعودی وزارت حج کی جانب سے حج کے لیے رجسٹریشن کی آن لائن درخواستیں 6 جولائی سے موصول کی جا رہی ہیں ، جس کا وقت آج کے روز ختم ہو جائے گا۔

سعودی وزارت حج کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حج کے لیے منتخب کیے جانے والے خوش نصیبوں کو 12 جولائی کو ٹیکسٹ میسج کے ذریعے اطلاع دے دی جائے گی۔ واضح رہے کہ وزارتِ حج وعمرہ نے اس سال فریضہ حج ادا کرنے والے خوش نصیبوں کے انتخاب کے معیار کا اعلان کردیا ہے اور ان کے انتخاب میں صحت کے معیارات کو اوّلین ترجیح اور مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

اس مرتبہ عازمینِ حج میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فی صد ہوگی اور 30 فی صد سعودی شہری حج ادا کریں گے۔

حجاج کرام کا دوسرا معیار یہ ہوگا کہ صرف ان سعودی شہری اور غیرملکی طبی کارکنان اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو حج کی اجازت دی جائے گی جو کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے مگر اب صحت یاب ہوچکے ہیں۔ حجاج کرام کے انتخاب میں سعودی عرب میں مقیم 20 سے 50 سال کے درمیان عمر کے حامل غیر سعودیوں کو ترجیح دی جائے گی۔تاہم انھیں عازمینِ حج کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے مندرجہ ذیل معیار پر پْورا اْترنا ہوگا:
انھیں پہلے سے کوئی بیماری لاحق نہ ہو۔

ان کے پاس پی سی آر کے ٹیسٹ کا سرٹی فکیٹ ہو اور اس میں ان کے نتائج منفی ظاہر ہورہے ہوں۔
ماضی میں فریضہ حج ادا نہ کیا ہو۔
وزارتِ صحت کے فیصلے کے بعد انھیں فریض? حج ادا کرنے سے پہلے اور بعد میں مقررہ مدت قرنطین میں گزارنا ہوگی۔
اس معیار پر پورا اترنے والے غیر سعودی اس لنک پر اپنے ناموں کا اندراج کرسکتے ہیں:localhaj.haj.gov.sa
حج کے لیے رجسٹریشن کا عمل آج سوموار 6 جولائی سے شروع ہوگیا ہے اور یہ جمعہ 10 جولائی تک (پانچ روز) جاری رہے گا۔

وزارت حج وعمرہ نے وضاحت کی ہے کہ حج کے لیے غیر سعودیوں کا انتخاب ایک الیکٹرانک نظام کے ذریعے بے ترتیب اٹکل پچو انداز سے کیا جائے گا۔ اس طریقے سے جو عازمین منتخب ہوجاتے ہیں،انھیں نوٹی فکیشن کے بعد مقررہ تاریخ تک تمام درکار دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں