سعودی عرب میں 10 روز بعد دوبارہ پٹرول کی قیمتیں بڑھا دی گئیں

پٹرول 91 کی نئی قیمت ایک ریال 29 ہللہ، جبکہ پٹرول 95 کی نئی قیمت ایک ریال 44 ہللہ ہوگی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 11 جولائی 2020 10:45

سعودی عرب میں 10 روز بعد دوبارہ پٹرول کی قیمتیں بڑھا دی گئیں
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جولائی 2020ء) کورونا وائرس کی وجہ سے دُنیا بھر میں اس وقت ایک نحوست کا راج ہے۔ ایک طرف لوگوں کی اموات ہو رہی ہیں تو دوسری طرف کاروبار ٹھپ ہونے سے کروڑوں گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں۔ سعودی عرب میں بھی کورونا کی وجہ سے لوگوں کی مالی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے وقت میں سعودی پٹرولیم ادارے ارامکو نے عوام کو ایک اور بُری خبر سُنا دی ہے۔

ارامکو کی جانب سے دس روز بعد ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دوبارہ بڑھا دی گئی ہیں۔ ارامکو کی جانب سے 10 جولائی سے 10 اگست تک کے لیے پٹرول کی نئی قیمتیں جاری کر دی گئی ہیں، جن کے مطابق مملکت میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ سعودی گزٹ کے مطابق پٹرول 91 کی نئی قیمت ایک ریال 29 ہللہ مقرر کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یکم جولائی کو اس پٹرول کی قیمت 98 ہللہ فی لیٹر مقرر کی گئی تھی ۔

اس طرح پٹرول 91 کی قیمت میں 31 ہللہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جبکہ پٹرول 95 کی نئی قیمت بھی بڑھا کر ایک ریال 44 ہللہ فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ یکم جولائی کو اس کی قیمت ایک ریال 18 ہللہ تھی۔ اس لحاظ سے پٹرول 95 کی قیمت میں 26 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ڈیزل کی نئی قیمت 52 ہللہ فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 70 ہللہ فی لٹر ہوگی۔ارامکو کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کے نئے نرخ ہفتہ آج 11 جولائی سے نافذ العمل ہوں گے-واضح رہے کہ یکم جولائی کو پٹرول 91 کے نرخوں میں 8ہللہ فی لٹر جبکہ پٹرول 95میں 10 ہللہ فی لٹر اضافہ کیا گیا تھا۔

جس کے بعد اس کی قیمت 98 ہللہ فی لیٹر ہو گئی تھی جب کہ پٹرول 95 کی قیمت ایک ریال 8 1ہللہ فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔تاہم اس بار یکم جولائی سے 15فیصد ویلیو ایڈ ٹیکس عائد ہونے کے باعث رواں ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو بار اضافہ کیا گیا ہے۔سعودی مملکت میں پٹرول کی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں تیل کے برآمدی نرخوں کے مطابق کیا جاتا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ کے مطابق ہی سعودی عرب میں بھی قیمتوں میں رد و بدل کی جاتی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں