سعودی عرب سے گزشتہ روز مزید 838 پاکستانی واپس پہنچ گئے

یکم مئی سے اب تک پی آئی اے کے ذریعے 27 ہزار کے لگ بھگ پاکستانی تارکین وطن پہنچا دیئے گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 11 جولائی 2020 11:24

سعودی عرب سے گزشتہ روز مزید 838 پاکستانی واپس پہنچ گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جولائی 2020ء) سعودی عرب میں کورونا کی وبا کے بعد ہزاروں پاکستانیوں کو بغیر تنخواہ کے رخصت دے دی گئی ہے یا انہیں نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ یہ پاکستانی فوری طور پر وطن واپسی کے منتظر ہیں، جن کی خاطر پی آئی اے کی جانب سے خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی عرب سے گزشتہ روز مزید 838 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے۔

ریاض میں واقع پاکستان سفارت خانے کے مطابق گزشتہ روز دمام سے لاہور کے لیے دو پروازیں روانہ ہوئیں، پہلی پرواز سے 296 جبکہ دوسری پرواز سے242 پاکستانیوں کی واپسی ہوئی۔ جبکہ تیسری پرواز ریاض سے روانہ ہوئی جس نے 300 پاکستانیوں کو واپس لاہور پہنچا دیا۔ ریاض سے لاہور جانے والی پرواز کے ذریعے 10 میتیں بھی واپس بھیجی گئیں۔

(جاری ہے)

سفارت خانے کے مطابق پی آئی اے کی136 پروازوں کے ذریعے یکم مئی سے اب تک سعودی عرب سے 27 ہزار سے زائد پاکستانی واپس آ چکے ہیں۔

یکم مئی سے 10 جولائی تک پی آئی اے کی ریاض اور دمام سے72 جبکہ جدہ اور مدینہ منورہ سے 64 خصوصی پروازیں چلائی گئی ہیں۔ سفارت خانے کے مطابق سعودی ایئر لائنز کی جانب سے بھی پاکستان کے لیے ہر ہفتے چار سے پانچ فلائٹس چلائی جا رہی ہیں، مگر ان کے ذریعے پاکستان جانے والے مسافروں کی گنتی کا ریکارڈ دستیاب نہیں ہے۔ واضح رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے سعودی عرب سے پاکستان کے تمام شہروں کو جانے والی پروازوں کا کرایہ فکس کر دیا گیا ہے۔

جس کے بعد اسلام آباد، لاہور، پشاور، فیصل آباد، کراچی اور ملتان کے لیے ٹکٹ کرایہ ایک جیسا ہی ہو گا۔ سعودیہ میں قائم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اکانومی کلاس کا یک طرفہ کرایہ 1,816ریال جبکہ سپیشل اکانومی کا کرایہ 2,182 ریال مقرر کیا گیا ہے۔ سفارت خانے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ٹریول ایجنٹ ٹکٹ کے بدلے میں فکس ریٹ سے زیادہ رقم کا مطالبہ کرے تو اس کی اطلاع فوری طور پر پاکستانی سفارتخانے یا پی آئی اے دفتر کو دی جائے۔جبکہ پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے بھی اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ اگر کسی پاکستانی کو لگتا ہے کہ اسے PIA کی ٹکٹ مہنگے داموں بیچ جا رہی ہے تو وہ مجھ سے براہ راست 0599558311پر رابطہ کر لے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں