سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ترکھان مشہور فیشن ماڈل بن گیا

24 سالہ وقاص معروف ایڈورٹائزنگ کمپنیوں کے ساتھ متعدد فیشن شُوٹ کرا چکا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 11 جولائی 2020 12:24

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ترکھان مشہور فیشن ماڈل بن گیا
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جولائی 2020ء) سعودی عرب میں مقیم 24 سالہ پاکستانی نوجوان "وقاص" کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ اس کی اپنے دوست سے کہی ہوئی بات اسے بڑھئی کے کام سے نکال کر کپڑوں کی ماڈلنگ کے میدان میں چکا چوند کر دینے والی روشنیوں کے نیچے لے آئے گی۔لکڑی کا کام کرنے والا وقاص سعودی عرب میں ایک فیشن ماڈل بن گیا ہے۔العربیہ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وقاص نے بتایا کہ "میں 4 سال قبل بطور بڑھئی کام کرنے سعودی عرب آیا تھا. میرے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ چلتے پھرتے ایک دوست سے کہی ہوئی بات میرے خواب کی تعبیر کا دروازہ کھول دے گی اور اس طرح میں اشتہارات میں ماڈل کے طور پر نمودار ہوں گا"۔

وقاص نے مزید بتایا "میں نے ایک روز اپنے دوست (فیصل) کو دیکھا کہ وہ ایک فوٹو سیشن کی تصاویر کو ایڈٹ کر رہا ہے. میں نے اسے بتایا کہ میری بچپن سے یہ آرزو ہے کہ میں اس شعبے میں کام کروں مگر اپنے وطن میں مجھے اس کا موقع نہیں مل سکا، اس پر میرے دوست نے تجویز پیش کی کہ وہ میری ایک تصویر بنائے گا تا کہ اس شعبے میں کام کرنے والے ایک شخص کو بھیج سکے"۔

(جاری ہے)

وقاص نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے بتایا "میرے دوست نے میری تصویر اتاری اور اسے متعلقہ شخص کو بھیج دی. بعد ازاں وہ تصویر ٹویٹر پر شیئر کر دی گئی اور اسے صارفین اور ایڈورٹائزنگ سے متعلق لوگوں میں بڑی پذیرائی حاصل ہوئی.
اس طرح میرے اس شعبے کے اداروں کے ساتھ معاہدے طے پا گئے اور میرا بچپن کا خواب پورا ہو گیا"۔وقاص کے مطابق اسے اندازہ نہیں تھا کہ اس کی تصویر سوشل میڈیا پر اتنے وسیع پیمانے پر پھیل جائے گی اور وہ جلد ہی اس شعبے میں کام شروع کر دے گا جس کے وہ صرف خواب دیکھا کرتا تھا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں