سعودی شوہر نے گھریلو جھگڑے پر بیوی پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی

تبوک کے رہائشی نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد خود ہی پولیس اسٹیشن جا کر گرفتاری دے دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 30 جولائی 2020 15:01

سعودی شوہر نے گھریلو جھگڑے پر بیوی پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جولائی 2020ء) سعودی عرب میں گھریلو تلخی ایک پُرتشدد واقعے میں بدل گئی جس کے نتیجے میں ایک مقامی خاتون اپنی جان گنوا بیٹھی۔ گلف نیوز کے مطابق تبوک کے علاقے میں 50 سالہ سعودی شہری نے اپنی بیوی کو گھریلو جھگڑے کے دوران قتل کر ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق گزشہ روز صبح سویرے میاں بیوی کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا۔

دونوں جانب سے خوب بحث کے نتیجے میں بات بڑھ گئی۔ خاوند اپنے کمرے سے جا کر پستول نکال لیا اور طیش میں آ کر اپنی بیوی پر لگاتار کئی گولیاں چلادیں جس کے نتیجے میں 40 سالہ خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ یہ واقعہ تبوک کے قریبی علاقے ابو صبا میں پیش آیا۔ واردات انجام دینے کے بعد ملزم تھوڑی دیر آرام سے گھر پر ہی بیٹھا رہا اور پھر نزدیکی پولیس اسٹیشن جا کر گرفتاری دے دی۔

(جاری ہے)

پولیس کو پہلے اس کی بات پر یقین نہ آیا تاہم ملزم کے گھر جا کر دیکھا تو وہاں اس کی بیوی کی خون میں لت پت لاش پڑی تھی، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع نے خاتون کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کئی گولیاں لگنے کے بعد خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی تھی۔ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ ان کے درمیان صبح سویرے کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا جس دوران وہ طیش میں آ کر ہوش کھو بیٹھا اور اپنے پاس موجود پستول سے بیوی کو ہلاک کر ڈالا۔

تھوڑی دیر بعد اسے اپنی سنگین غلطی کا احساس ہوا، مگر تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ وہ اپنے کیے پر شرمندہ ہے، مگر اس جُرم کا کوئی مداوا نہیں ہے، وہ اپنے کیے کی تمام تر سزا بھُگتنے کو تیار ہے ۔ ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ استغاثہ کی جانب سے ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے جس کے بعد اسے عدالت میں پیش کر کے اس پر مقدمہ چلایا جائے گا۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں