سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز مکمل صحت یاب ہو گئے

شاہ سلمان کو گزشتہ روز کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال ریاض سے رخصت کر دیا گیا، ویڈیو وائرل

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 31 جولائی 2020 09:21

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز مکمل صحت یاب ہو گئے
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31 جولائی 2020ء) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حوالے سے بہت اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز مکمل صحت یاب ہو کر ہسپتال سے روانہ ہو گئے ہیں۔ایوان شاہی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز گزشتہ روز صحت یاب ہو کر ریاض کے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال سے رخصت ہو گئے ہیں، اس موقع کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔

ایوان شاہی کے بیان میں سعودی فرمانروا کے لیے دُعابھی کی گئی کہ اللہ شاہ سلمان کی حفاظت فرمائے، انہیں ہر تکلیف سے دُور رکھے اوران کی صحت و سلامتی برقرار رکھے۔ واضح رہے کہ 23 جولائی بروز جمعرات شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے پتے کی سرجری ہوئی تھی جس کے بعد ان کی حالت سْدھر گئی ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کوچند روز قبل طبی معائنے کیلئے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 84 سال کے شاہ سلمان کو پتے میں سوجن کے سبب اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم نے ان کا طبی معائنہ کرنے کے بعد پتے کی سرجری تجویز کی تھی۔ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز 31 دسمبر 1935 کو پیدا ہوئے، وہ 2015 میں سعودی عرب کے بادشاہ بنے، اس سے قبل وہ48 سال تک ریاض کے ڈپٹی گورنر اور گورنر بھی رہے۔

شاہ سلمان سعودی عرب کے وزیردفاع بھی رہ چکے ہیں ، انہیں 2012 میں سعودی عرب کے بادشاہ کے طور پر نامزد کیا گیا تھا اور2015 میں ان کے بھائی عبداللہ کی موت کے بعد انہیں بادشاہت ملی۔شاہ سلمان بن عبد العزیز کی مکمل صحت یابی کے بعد ہسپتال سے رخصت ہونے کی خبر پر تارکین وطن اور مقامی باشندوں نے بہت خوشی کا اظہار کیا ہے۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں