سعودی نوجوان نشے کی ویڈیووائرل ہونے پر گرفتار

طائف کے نوجوان نے اپنی ویڈیو میں نشہ استعمال کیا اور اس پر فخر کا اظہار کیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 6 اگست 2020 10:06

سعودی نوجوان نشے کی ویڈیووائرل ہونے پر گرفتار
طائف(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6 اگست 2020ء) سعودی عرب میں بھی سوشل میڈیا کا جادو خوب سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ خصوصاً نوجوان نسل ٹِک ٹاک کی دیوانی ہے۔ اکثر منچلے راتوں رات شہرت حاصل کرنے کے چکر میں ایسی ویڈیوز بنا کر وائرل کر دیتے ہیں جو انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچا دیتی ہیں۔ تاہم اس کے باوجود نوجوان اُوٹ پٹانگ اور خلافِ قانون حرکات پر مبنی ویڈیوز بنانے سے باز نہیں آتے۔

ایسا ایک تازہ ترین واقعہ طائف میں بھی پیش آیا ہے جہاں ایک نوجوان نے اپنی نشہ استعمال کرنے کی ویڈیو بنائی ۔ اس ویڈیو میں وہ نشہ کرنے پر بہت فخر اور خوشی کا اظہار بھی کرتا رہا، بعدمیں اس نوجوان نے خود ہی اپنی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔ جس کے بعد صارفین کی جانب سے نوجوان کی اس خلافِ اسلام حرکت پر اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔

(جاری ہے)

کچھ صارفی نے یہ ویڈیو پولیس کو رپورٹ کر دی۔محکمہ انسداد منشیات نے ویڈیو میں موجود نوجوان کی نشاندہی کرنے کے بعد اسے گرفتار کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا ہے۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل جدہ میں ایک شخص کو سرِ عام شراب نوشی کرنے اور پھر اس مذموم حرکت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے جُرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ سعودی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک غیر مُلکی جدہ کی ایک معروف سڑک پر اپنی گاڑی میں بیٹھا شراب نوشی میں مصروف ہے۔

اس کے پاس نشہ آور گولیاں بھی پڑی ہوئی ہیں اور وہاں نظر آنے والی نوٹوں کی گڈیاں اس کی دولت مندی کو ظاہر کر رہی ہیں۔ یہ غیر مُلکی بڑے فخر سے نشے کی حالت میں جھُومتا دکھائی دے رہا ہے اور سعودی مملکت میں اپنی سرعام شراب نوشی کو اپنی جانب سے بہت ہمت اور حوصلے سے بھرپور کارنامہ سمجھ رہا ہے۔ تاہم اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد انسداد منشیات کا ادارہ حرکت میں آیا اور ایسی غیر اخلاقی حرکت کرنے والے غیر مُلکی کی نشاندہی کرنے کے بعد اسے گرفتار کر لیا ہے۔ انسدادِ منشیات کے ادارے کے مطابق اس شخص کا تعلق ایک عرب مُلک سے ہے اور اُس نے شراب پینے کے ساتھ ساتھ اس حرکت کو سوشل میڈیا پر وائرل کر کے دوہرے جُرم کا ارتکاب کیا ہے۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں