سعودی عرب میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی

محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ سمیت مملکت کے پانچ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور گرد آلود ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 اگست 2020 10:30

سعودی عرب میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10 اگست 2020ء) سعودی عرب میں گزشتہ چند دنوں سے خوب بارش ہو رہی ہے اور کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوئی ہے جس کے باعث مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت کم ہو گئی ہے اور موسم بھی کافی خوشگوار ہو گیاہے۔ سعودی عرب میں مقیم افراد کو سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے آج کے لیے بھی اچھی خبر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کے روز مکہ مکرمہ سمیت سعودی عرب کے پانچ علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی جس کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

بارش کے برسنے سے ایک بار پھر موسم خوشگوار ہو جائے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج مکہ مکرمہ ریجن، جازان، نجران، جازان، عسیر اور باحہ میں گرد اآلود ہوائیں چلیں گی۔جس کے بعد بارش بھی متوقع ہے۔

(جاری ہے)

مملکت کے مغربی ساحلوں پر بھی گرد کا طوفان آ سکتا ہے۔ گزشتہ روز بھی جازان اور عسیر ریجن میں موسلا دھار بارش ہوتی رہی۔ جس کے باعث کئی مقامات پر کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا۔

عسیر میں بارش سے قبل تیز ہواؤں کے چلنے سے مطلع گرد آلود ہو گیا ، جس کے باعث ڈرائیور حضرات کی حد نگاہ محدود ہو گئی ۔سعودی محکمہ دفاع کی جانب سے عوام کو خبردارکیاگیا ہے کہ وہ برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور وادیوں کے قریب جانے اور ان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔بچوں کو بھی تالابوں اور ندی نالوں کے پاس مت جانے دیں۔شارٹ کٹ کے چکر میں نشیبی علاقوں اور خراب سڑکوں پر ڈرائیونگ نہ کریں، بلکہ بڑی سڑکوں اور شاہراہوں سے ہی گزریں۔ سیلابی ریلوں کا خاص خیال رکھیں جو کئی بار اپنا رُخ موڑ لیتے ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں