سعودی ہسپتالوں میں مریضوں کو خراب اور گلا سڑا گوشت کھلانے کا انکشاف

سعودی حکام کے مطابق ایک فوڈ کمپنی ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے غیر معیاری گوشت فراہم کر رہی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 اگست 2020 13:04

سعودی ہسپتالوں میں مریضوں کو خراب اور گلا سڑا گوشت کھلانے کا انکشاف
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اگست 2020ء) پاکستان میں اکثر سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی جانب سے شکایات سامنے آتی ہیں کہ انہیں دیا جانے والا کھاناغیر معیاری، خراب اور باسی ہوتا ہے، جسے کھا کر وہ تندرست ہونے کی بجائے مزید بیمار ہو جاتے ہیں۔ تاہم اب سعودی ہسپتالوں میں بھی مریضوں کو خراب خوراک کھلانے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس پر عوام میں بہت تشویش پائی جاتی ہے۔

خلیجی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے کچھ علاقوں میں واقع سرکاری ہسپتالوں میں یہ شکایت سامنے آئی کہ مریضوں کو کھلایا جانے والا گوشت ایکسپائرڈ ہوتا ہے، جس میں سے سخت بدبو آتی ہے ۔ مریضوں کی جانب سے یہ گوشت کھانا انہیں مزید بیمار کرنے کا سبب بن رہا ہے۔ ان شکایات کے بعد جب سعودی حکام نے تفتیش شروع کی تو یہ انکشاف ہوا کہ القصیم کے ریجن میں کئی سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو ناقص اور زائد المعیاد گوشت کھلایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

خصوصا الراس ہسپتال میں سپلائی کیے جانے والے گوشت کا معیار بہت ہی خراب تھا، جسے چیک کرنے پرپتا چلا کہ یہ کئی مہینے پُرانا ہے۔ یہ بھی پتا چلاہے کہ مریضوں کو خراب گوشت کھلانے کا سلسلہ نیا نہیں، بلکہ کافی عرصے سے جاری ہے۔یہ فوڈ کمپنی کئی ہسپتالوں میں بھی ایسا ہی ناقص گوشت فراہم کرتی ہے، جس سے مریضوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔

سعودی حکومت کی جانب سے غیر معیاری گوشت فراہم کرنے والی فوڈ کمپنی کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں کہ یہ کمپنی آخر کس طرح اتنی بڑی مقدار میں گلا سڑا گوشت ہسپتالوں میں لمبے عرصے سے فراہم کرتی رہی، اور ہسپتالوں کی انتظامیہ نے گوشت کے معیار کو کیوں نظر انداز کیا۔ میڈیا کے مطابق اس فوڈ کمپنی کے خلاف سخت کارروائی کر کے ذمہ داران کو سخت سزا دیئے جانے کیا امکان ہے۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں