سعودی عرب میں جعلی اقامے اور ڈرائیونگ لائسنس بیچنے والے دو پاکستانی ساتھیوں سمیت گرفتار

پانچ افراد کے جعلسازگینگ میں سعودی اور شامی باشندے بھی شامل ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 14 اگست 2020 10:22

سعودی عرب میں جعلی اقامے اور ڈرائیونگ لائسنس بیچنے والے دو پاکستانی ساتھیوں سمیت گرفتار
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 اگست 2020ء) سعودی عرب میں جعلی اقاموں اور ڈرائیونگ لائسنس کی فروخت میں ملوث پانچ رُکنی گینگ پکڑا گیا ہے جس میں 2 پاکستانی بھی شامل ہیں۔ یہ گینگ پولیس کو کافی عرصے سے مطلوب تھا۔ پولیس کی جانب سے اس گروہ پر کافی عرصے سے نظر رکھی گئی تھی۔ ثبوت ملنے کے بعد اس گینگ کے تمام ارکان کو گرفتار کر لیا گیا جن میں 2 پاکستانی، 1 سعودی اور 2 شامی باشندے شامل ہیں۔

ریاض پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ لوگ غیر قانونی تارکین کو جعلی اقامے فروخت کرتے تھے۔ ریاض پولیس کے ترجمان خالد الکریدیس نے بتایا کہ ان افراد کے بارے کئی لوگوں نے مخبریاں کی تھیں اور ماضی میں بھی ان کے بارے میں اطلاع ملی تھی، تاہم ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے ان کے خلاف کارروائی نہ کی جا سکی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس کو تازہ رپورٹس اور مخبروں کی اطلاع کے بعد ان جعلسازوں کے اڈے پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں سے 91 جعلی اقامے برآمد ہوئے۔

جس کے بعد ان پانچوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا جن کی عمریں 30 سے 50 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔یہ جعلساز گروہ ان غیر قانونی تارکین کو جعلی اقامے، ورک پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس بنا کر دیتا تھا جو قانون محنت کی خلاف ورزی میں ملوث تھے یا پھر غیر قانونی طور پر سعودی عرب کی سرحد سے داخل ہوئے تھے۔ ان جعلسازوں نے اپنی غیر قانونی سرگرمیوں کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے انہیں مزید تفتیش کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا ہے جو اگلے چند روز میں ان کے خلاف استغاثہ کا کیس بنا کر عدالت میں پیش کر دے گی۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں