سعودیہ میں غیر ملکی خاتون کا قاتل انجام کو پہنچ گیا

مصری قاتل کو خاتون کو چھریوں سے وار کر کے ہلاک کرنے پر سزائے موت سُنا دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 21 مئی 2021 11:06

سعودیہ میں غیر ملکی خاتون کا قاتل انجام کو پہنچ گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21مئی2021ء) سعودی عرب میں ایک خاتون کے قتل کی لرزہ خیز واردات انجام دینے والے شخص کو اس کے کیے کا پھل مل گیا ہے۔ مقامی عدالت نے مصری شہری کو سزائے موت سُنائی تھی، جس پر عمل کرتے ہوئے گزشتہ روز اس کا سر قلم کر دیا گیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جدہ میں ایک خاتون کو قتل کرنے والے مصری شہری کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔

مصری قاتل نے اپنی ہم وطن خاتون پر چھُری سے حملہ کر کے متعدد وار کیے تھے، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہونے کے بعد چل بسی تھی۔ سعودی وزارت داخلہ نے بیان جاری کرکے کہا ہے کہ جدہ میں ایک خاتون کے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر مصری شہری عطیہ محمد کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔بدنصیب خاتون امانی الدرملی کو قتل کرنے والا اس کا ہم وطن عطیہ محمد واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم پولیس نے اسے تلا ش کر کے عدالت کے حوالے کر دیا تھا۔ ملزم نے فوجداری عدالت کے فیصلے کے خلاف پہلے اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، تاہم اپیل مسترد ہونے کے بعد ایوان شاہی نے اسے سزائے موت دینے کا حتمی فرمان جاری کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ ریاض ریجن میں اپنے ہم وطن کو دو بار گاڑی تلے کُچل کر ہلاک کرنے والے سعودی شہری نایف الظفیری کو سزائے موت سُنادی گئی ہے۔

عدالت میں استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ سنگدل سعودی کا اپنے ہم وطن عبداللہ الغزی سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعدچالیس سالہ الظفیری نے الغزی کو گاڑی تلے دانستہ کُچل ڈالا تھا۔ بدنصیب شہری نے سڑک پر تڑپ تڑپ کر جان دے دی تھی۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پروائرل ہوئی تھی۔ مجرم واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا۔ تاہم پولیس نے اسے تلاش کرنے کے بعد گرفتار کر لیا تھا۔

جنرل کورٹ سے سزائے موت کا فیصلہ جاری ہونے کے بعد الظفیری نے پہلے اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی، مگر ان دونوں عدالتوں نے اس کی اپیل رد کر دی تھی۔ جس کے بعد ایوان شاہی نے سزائے موت پر عمل درآمد کے فرمان جاری کر دیئے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ شہر اپریل کے مہینے میں ریاض شہر میں پیش آیا تھا۔ جس پر لوگوں میں شدید غصہ تھا۔
ریاض ریجن کے پولیس ترجمان میجرخالدالکریدیس نے بتایا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک شخص کو کسی راہگیر کو گاڑی سے کچل کر ہلاک کرتے دیکھا جاسکتاہے۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ ہوئی، جس کے وائرل ہونے کے بعد پولیس نے بھی نوٹس لے لیا اور واقعے میں ملوث شخص کا پتا چلانے کے بعد اسے گرفتار کر لیا ہے۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ گرفتار شدہ ڈرائیور واقعے کے وقت نشے کی حالت میں تھا۔یہ بھی پتا چلا تھا کہ ملزم نے یہ واردات اتفاقیہ نہیں کی، بلکہ وہ اس راہگیر کی تاک میں تھا ۔ جونہی اس نے اسے سڑک پر چلتے دیکھا تو موقع پا کر اس کے پیچھے گاڑی دوڑا دی اور اسے ایک نہیں بلکہ دو بار گاڑی تلے کُچل کر مار ڈالا۔ گرفتاری کے وقت ملزم کی گاڑی سے شراب بھی برآمد ہوئی تھی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں