سعودی علاقے جازان کی شہری آبادی تباہی سے بال بال بچ گئی

حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجا گیا بارود بردار ڈرون چند لمحے پہلے تباہ کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 21 مئی 2021 11:25

سعودی علاقے جازان کی شہری آبادی تباہی سے بال بال بچ گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21مئی2021ء) سعودی عرب میں عید کی تعطیلات سے پہلے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں میں بہت زیادہ تیزی آ گئی تھی۔اب ایک بار پھر حوثی ملیشیا کی جانب سے حملوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودیہ کے سرحدی علاقہ جازان کی آبادی پر کیا گیا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ یہ ڈرون طیارہ یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔

تاہم چند لمحے پہلے اس کی سعودی ریڈارز نے نشان دہی کر دی جس کے فوراً بعد اس ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا ہے۔ اگر یہ بارود بردار ڈرون شہری آبادی کو نشانہ بنا لیتا تو انسانی جانوں کو خطرات پیش آ سکتے تھے۔ واضح رہے کہ عید سے دو روزقبل ابھا کے ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیاتھا۔

(جاری ہے)

اور عید سے ایک روز قبل سعودیہ کے سرحدی علاقے کے ایک گاؤں پر راکٹ داغا گیاتھا۔

اس حملے میں شہری بال بال بچ گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے صوبے جازان میں یمن کی سرحد کے قریب واقع ایک گاؤں پر راکٹ حملہ کیا گیا ۔ یہ راکٹ ایک گھر کے صحن میں آ گھرا۔ جس کے نتیجے میں گھر کو اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم گھر کے مکین رب کی مہربانی سے بال بال بچ گئے ہیں۔ جازان کے شہری دفاع ڈائریکٹوریٹ کے میڈیا ترجمان نے بتایا کہ ایک گھر میں راکٹ گرنے کے اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔

راکٹ گھر کے صحن میں گرنے سے دیواروں اور صحن اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔عرب عسکری اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے ایک بیان میں بتایا عرب فوجی اتحاد کی جانب سے اب تک حوثیوں کے 369 میزائل ، 626 بمبار ڈرون اور 68 بمبار کشتیوں کے ذریعے حملوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔ ۔اس کے علاوہ سمندر میں حوثیوں کی جانب سے بچھائی 204 بارودی سرنگیں بھی تباہ کر دی گئی ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں