سعودی عرب کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجی گئی بارود بردار کشتی تباہ کر دی گئی

عرب اتحادی افواج کے مطابق بحر احمر کے جنوب میں نظر آنے والی کشتی کو ہدف کے قریب پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 مئی 2021 10:44

سعودی عرب کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجی گئی بارود بردار کشتی تباہ کر دی گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مئی2021ء) سعودی عرب میں عید کی تعطیلات سے پہلے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں میں بہت زیادہ تیزی آ گئی تھی۔اب ایک بار پھر حوثی ملیشیا کی جانب سے حملوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق سمندری حدود سے سعودی مملکت کو تباہی کا نشانہ بنانے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ عرب اتحاد کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ بحر احمر کے جنوب میں حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجی گئی دھماکا خیز کشتی تباہ کر دی گئی ہے جو کسی اہم سعودی تنصیب کو ہدف بنانے کے لیے بھیجی گئی تھی۔

واضح رہے کہ دو روز پہلے سعودیہ کے سرحدی علاقہ جازان کی آبادی پربھی ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا۔ یہ ڈرون طیارہ یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم چند لمحے پہلے اس کی سعودی ریڈارز نے نشان دہی کر دی جس کے فوراً بعد اس ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا ہے۔ اگر یہ بارود بردار ڈرون شہری آبادی کو نشانہ بنا لیتا تو انسانی جانوں کو خطرات پیش آ سکتے تھے۔

عید سے دو روزقبل ابھا کے ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیاتھا۔ اور عید سے ایک روز قبل سعودیہ کے سرحدی علاقے کے ایک گاؤں پر راکٹ داغا گیاتھا۔ اس حملے میں شہری بال بال بچ گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے صوبے جازان میں یمن کی سرحد کے قریب واقع ایک گاؤں پر راکٹ حملہ کیا گیا ۔ یہ راکٹ ایک گھر کے صحن میں آ گھرا۔ جس کے نتیجے میں گھر کو اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم گھر کے مکین رب کی مہربانی سے بال بال بچ گئے ہیں۔

جازان کے شہری دفاع ڈائریکٹوریٹ کے میڈیا ترجمان نے بتایا کہ ایک گھر میں راکٹ گرنے کے اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔راکٹ گھر کے صحن میں گرنے سے دیواروں اور صحن اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔عرب عسکری اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے ایک بیان میں بتایا عرب فوجی اتحاد کی جانب سے اب تک حوثیوں کے 369 میزائل ، 626 بمبار ڈرون اور 68 بمبار کشتیوں کے ذریعے حملوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔ ۔اس کے علاوہ سمندر میں حوثیوں کی جانب سے بچھائی 204 بارودی سرنگیں بھی تباہ کر دی گئی ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں