سعودی عرب کے شہر طائف میں ٹریفک حادثے میں نوجوان جھُلس گیا

میسان کمشنری میں پیش آنے والے حادثے میں گاڑی میں آگ بھڑک اُٹھی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 1 جون 2021 13:46

سعودی عرب کے شہر طائف میں ٹریفک حادثے میں نوجوان جھُلس گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم جون 2021ء) سعودی عرب میں ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں مقامی نوجوان بُری طرح جھُلس گیا ہے جب اس کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ یہ حادثہ طائف کی میسان کمشنری میں پیش آیا ہے جب ایک سعودی نوجوان کی گاڑی ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے فوراً بعد گاڑی میں آگ بھڑک اُٹھی اور نوجوان ڈرائیور بُری طرح جھُلس گیا۔

پولیس کے مطابق اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئی تھیں۔ جنہوں نے سعودی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد دی اور اسے فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا۔ جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ القریع ہسپتال کے ڈائریکٹر میڈیکل داکٹر ھیثم بن یوسف نے بتایا کہ حادثے کے شکار ایک نوجوان کو تشویش ناک حالت میں ایمرجنسی وارڈ لایا گیا تھا، جس کے جسم کا 80 فیصد حصہ جھُلس چکا تھا۔

(جاری ہے)

اسے ہنگامی بنیادوں پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اگر اس نوجوان کو ہسپتال لانے میں تھوڑی اور دیر ہو جاتی تو اس کی زندگی کا بچ پانا بہت مشکل تھا۔ نوجوان کو اب کنگ فیصل میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ نوجوان کی گاڑی مکمل طور پر جل گئی تھی۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل مدینہ میں ایک حادثے کے نتیجے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھے ، جبکہ کئی زخمی ہوئے تھے۔

یہ حادثہ 10 بج کر 5 منٹ پر اولڈ مدینہ سے القصیم جانے والی سڑک پر ایک جان لیوا حادثہ رونما ہوا تھا جس میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے اور 5 زخمی ہوئے تھے۔ یہ حادثہ العاقول کے قریب تین گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے باعث پیش آیا تھا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ سات افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے جن میں 2 بچے، 2 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔ جبکہ پانچ شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں 2 خواتین اور 1 بچہ شامل تھے۔ان افراد کو تشویش ناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں