سعودی عرب میں آوارہ کتوں کے حملے میں ایک اور بچہ جاں بحق

الاحساء کے 13 سالہ بچے کو پندرہ کتوں نے بیک وقت حملہ کر کے بھنبھوڑ ڈالا تھا، کئی روز تک زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 2 جون 2021 11:02

سعودی عرب میں آوارہ کتوں کے حملے میں ایک اور بچہ جاں بحق
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 جون 2021ء) سعودی عرب میں گزشتہ کچھ مہینوں کے دوران کُتوں کے کاٹنے کے نتیجے میں کئی بچے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ اب ایک اور ایسا ہی المناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں سعودیہ کے علاقے الاحساء میں ایک معصوم بچہ زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔ اس بدنصیب بچے کے غمزدہ باپ تُرکی عبدالرحیم الحمد نے بتایا کہ اس کے 13 سالہ بیٹے کو 15 کے قریب آوارہ کتوں نے بیک وقت حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔

اسے تشویش ناک حالت میں الاحسا کے شاہ فہد ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ کئی روز تک زیر علاج رہنے کے بعد کل سوموار کو زندگی کی بازی ہاری گیا۔عبدالرحیم کے مطابق اس کا بچہ آوارہ کتوں کے حملے کا دو ہفتے قبل نشانہ بنا تھا۔ ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو کے دوران عبدالرحیم نے بتایا کہ ہم سب گھر والے پکنک کے لیے العقیر کے ساحلی علاقے میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ہم سب اکٹھے ہی بیٹھے تھے کہ اچانک کتوں کا ایک پورا غول آ گیا جنہوں نے ہم سے کچھ فاصلے پر موجود کم سن بیٹے کو گھیر کر اسے بھنبھوڑ ڈالا جن کی گنتی 15 تھی۔ جب اس نے مدد کے لیے چیخ و پکار شرو ع کی تو ہم گھر والے اور دوسرے لوگ بھی اس کی جانب بھاگے جس کے بعد یہ آوارہ کُتے بھاگ گئے تاہم چند لمحوں میں ہی انہوں نے ہمارے بچے کو شدید زخمی کر ڈالا تھا۔

بہت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے وہ زندہ نہ بچ سکا اور کئی روز کے علاج کے بعد دُنیا سے رخصت ہو گیا۔ عبدالرحیم نے الاحسا کے گورنر سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں موجود آوارہ کتوں کو تلف کیا جائے تاکہ کسی اور انسانی جان کو خطرات لاحق نہ ہوں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی اسی نوعیت کا ایک اور المناک واقعہ ریاض میں بھی پیش آیا ہے جہاں آوارہ کتوں نے ڈھائی سالہ بچی پر حملہ کر کے اسے موت کی نیند سلا دیا مگر بچی کے گھر والوں کو خاصی دیر تک اس کی خبر ہی نہ ہو سکی ۔

ریاض کے جنوب مغرب میں واقع علاقے الواشلہ میں ایک ریسٹ ہاوٴس کے نزدیک پیش آیا۔جاں بحق ہونے والی بچی کے چچا عبداللہ العبد السلام نے واقعے کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بچی چند منٹوں کے لیے ریسٹ ہاوٴس سے باہر چلی گئی۔ اس پر گھرانے کے تمام افراد اسے تلاش کرنے نکل پڑے۔ اس دوران بچی کی ماں یہ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ اس کی بیٹی کے پاس 5 آوارہ کتے موجود ہیں اور وہ اس کے جسم کو نوچ رہے ہیں۔

بچی کے جسم سے خون بہہ رہا تھا اور وہ بری طرح چلّا رہی تھی۔ ماں نے مدد کے لیے آواز لگائی تو بقیہ تمام گھر والے وہاں آ گئے۔ اس پر تمام کتنے بچی کو خون میں لت پت چھوڑ کر بھاگ گئے۔ شام تقریبا 5:30 پر بچی کو پرنس عبدالرحمن الفیصل ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ ابتدائی علاج فراہم کرنے پر بتایا گیا کہ بچی کی حالت مستحکم ہے۔ تاہم رات 8:00 بجے یہ افسوس ناک خبر ملکی کہ بچی نے دم توڑ دیا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں