اب سعودی عرب میں ہالی وڈ کی فلمز کی شوٹنگ بھی ہونے لگی

مدینہ ریجن کے شہر العُلا کے قدیم ثقافتی مقام پر ایک فلم کی شوٹنگ جاری،آئندہ بھی کئی فلمز کی شوٹنگ کی تیاریاں مکمل ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 12 جون 2021 11:00

اب سعودی عرب میں ہالی وڈ کی فلمز کی شوٹنگ بھی ہونے لگی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 جون2021ء ) سعودی عرب کئی دہائیوں تک مغربی ممالک کی نظر میں ایک قدامت پرست مملکت کے طورپر مشہور رہا ہے۔ تاہم مملکت کے موجودہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ تین سالوں کے دوران سعودی عرب کا امیج خاصی حد تک بدل ڈالاہے۔ یہاں اب فلموں کی نمائش کے علاوہ کانسرٹس اور بین الاقوامی فلم میلے منعقد ہو رہے ہیں۔

سینما گھر کھول دیئے ہیں اور کئی تفریحی سرگرمیاں بھی زور و شور سے جاری ہیں۔ گزشتہ سال مدینہ ریجن کے علاقے العُلا میں ایک مشہور امریکی فیشن میگزین کی جانب سے خواتین ماڈلز کا فوٹو شوٹ بھی کیا گیا تھا جس پر سعودیہ کے روایت پرست طبقے نے اعتراض بھی کیا تھا۔ اب سعودیہ میں ہالی وڈ کی فلموں کی شوٹنگ بھی ہونے لگی ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق ایک نئی امریکی فلمCherry کی عکس بندی کا کچھ حصہ سعودی عرب کے ضلع العْلا اور دارالحکومت ریاض میں فلمایا گیا۔

(جاری ہے)

یہ مملکت میں ہالی ووڈ کی کسی فلم کی عکس بندی کا پہلا تجربہ تھا۔ العْلا رائل کمیشن کے زیر انتظام "العْلا فلم" مینجمنٹ کی جانب سے العْلا ضلع میں مزید سعودی اور بین الاقوامی فلموں کی عکس بندی کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں فلم پروڈکشن کے واسطے مطلوب تمام سہولیات اور لوجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔سعودی عرب میں سیاحتی ویزوں کے اجرا کے بعد سے سینیما اور ٹی وی پروڈکشن کمپنیوں کی جانب سے مملکت میں عکس بندی کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔

ان کمپنیوں کی ایک بڑی تعداد نے العْلا اور مملکت کے دیگر کئی علاقوں کا دورہ کیا ہے تا کہ عکس بندی کے لیے مختلف مقامات کو دریافت کیا جا سکے۔ادھر "العْلا فلم" مینجمنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے ضلع میں دوسری امریکی فلم کی عکس بندی کے سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔ اس فلم میں ہالی ووڈ کے چوٹی کے اداکار کام کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں دو سعودی فلموں "بین الرمال" اور "نورہ" کی عکس بندی کے لیے بھی سمجھوتے طے پا گئے ہیں۔

العْلا کا تاریخی اور تہذیبی ورثہ انسانی تاریخ میں 2 لاکھ سال پرانا ہے۔ یہ پے در پے تہذیبوں کے 7 ہزار سال پر مشتمل ہے۔ یہ رقبے کے لحاظ سے 22500 کلو میٹر سے زیادہ پر پھیلا ہوا ہے۔ یہاں سحر انگیز وادیاں، ریتیلے پتھر، سیاہ آتش فشاں چٹانیں، سنہری ریت اور چٹانوں پر مشتمل حیرت انگیز وجود واقع ہیں۔ اسی طرح یہاں دیہات، کھیتوں اور قدیم عمارتوں کے ساتھ ہوٹلوں کا انفرا اسٹرکچر بھی ہے جو فلم بنانے والوں کے لیے مختلف نوعیت کے آپشن فراہم کرتا ہے۔متعلقہ حکام العْلا کو سعودی اور عالمی فلموں کے لیے عکس بندی کا ایک بہترین مقام بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں