سعودیہ میں کورونا مریضوں کو زندگی دینے والی مسیحا چل بسی

سعودی نرس رفعت الدوسری کورونا کا شکار ہو کر زندگی سے محروم ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 12 جون 2021 16:16

سعودیہ میں کورونا مریضوں کو زندگی دینے والی مسیحا چل بسی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 جون 2021ء) سعودی عرب میں ایک بار پھر کورونا کی وبا بے قابو ہو گئی ہے۔ جس کی وجہ سے حکام نے سخت احتیاطی اقدامات اختیار کیے ہیں۔ کورونا کی وبا گزشتہ سال کی طرح ایک بار پھر ہیلتھ ورکرز کو بھی اپنا نشانہ بنانے لگی ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق ایک خاتون نرس کورونا مریضوں کا علاج کرتے کرتے خود بھی اس موذی مرض کے ہاتھوں چل بسی ہے۔

زندگی کی بازی ہارنے والی سعودی نرس رفعت الدوسری ایک ہسپتال میں خدمات انجام دے رہی تھی۔ اس کی ڈیوٹی کورونا کے مریضوں کے لیے مخصوص وارڈ میں تھی۔ دس سال تک تک انسانیت کی خدمت انجام دینے والی یہ نرس دوسروں کی جان بچاتے بچاتے خود بھی اس موذی مرض کا شکار ہو گئی اور کئی روز تک زیر علاج رہنے کے بعد بالآخر زندگی کی بازی ہار گئی۔

(جاری ہے)

رفعت کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

چند روز پہلے اس کے گھر والوں نے اس کی تصویر شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی تھی کہ کورونا وبا میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکر کے طور پر خدمات انجام دینے والی رفعت الدوسری خود بھی س مرض کا شکار ہو گئی ہے، جسے آپ سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔ رفعت کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد نے اس کے لواحقین سے دُکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ کوروناوبا کے دوران سعودی عرب میں کئی سعودی ، پاکستانی اور دیگر ممالک کے ڈاکٹرز کورونا کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ایک پاکستانی ڈاکٹر کابھی انتقال ہوا تھا۔ ڈاکٹر جمشید الخبر کے مقامی اسپتال میں ہارٹ اسپیشلسٹ کے طور پر کام کر رہے تھے۔ چند روز قبل ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ۔ وہ ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔

ان کے ساتھی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر جمشید ایک بہترین معالج تھے، ان کا اپنے مریضوں سے برتاؤ بڑا محبت بھرا اور دوستانہ ہوتا تھا۔ ان کی وفات پر ہسپتال کا تمام عملہ بہت سوگوار ہے۔ ان سے پہلے بھی ایک پاکستانی سرجن ڈاکٹر نعیم خالد چودھری کورونا کے ہاتھوں دم توڑ گئے تھے۔ وہ مکہ مکرمہ کے حرا جنرل ہسپتال تعینات تھے۔ ڈاکٹر نعیم چوہدری کے سوگواران میں ایک بیوی اور تین بیٹیاں ہیں جو مکہ میں ہی مقیم ہیں۔

مکہ کے شعبہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وائل حمزہ نے کہا کہ ڈاکٹر نعیم چوہدری کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے اور مکہ شہر نے انتہائی باصلاحیت سرجن کو کھو دیاہے۔ انہوں نے ڈاکٹر نعیم چوہدری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں میں ڈاکٹر نعیم نے انتہائی اہم کردار ادا کیا، وہ فرائض کی انجام دہی کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے جب کہ وہ صرف ہائی بلڈ پریشر کے مریض تھے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں