امریکا نے سعودی عرب میں ڈیفنس میزائل یونٹس میں کمی کا اعلان کر دیا

سعودی فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ امریکی دفاعی یونٹ میں کمی کے باوجود سعودیہ کی دفاعی صلاحیت متاثر نہیں ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 22 جون 2021 13:39

امریکا نے سعودی عرب میں ڈیفنس میزائل یونٹس میں کمی کا اعلان کر دیا
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 جون 2021ء) سعودی عرب کو گزشتہ چند سالوں سے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے بارود بردار ڈرونز اور میزائل حملوں کا سامنا ہے، جن کو ناکام بنانے کے لیے امریکا کی مدد اینٹی میزائل سسٹم اور پیٹریاٹ میزائل سسٹم تعینات کروایا گیا تھا۔جس کے باعث زیادہ تر تخریبی حملوں کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنانے میں کامیابی حاصل ہو رہی تھی۔

تاہم موجودہ امریکی قیادت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ سعودیہ میں تعینات امریکی میزائل ڈیفنس سسٹم میں کمی لائی جائے گی۔ اُردو نیوز کے مطابق واشنگٹن نے جمعہ کو کہا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں تعینات فوجیوں اور فضائی دفاعی یونٹوں کی تعداد میں کمی کر رہا ہے۔ ان میں سعودی عرب میں پیٹریاٹ میزائل اور اینٹی میزائل سسٹم بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان ترکی المالکی نے نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ امریکی دفاعی یونٹس اور فوجیوں کی تعداد میں کمی سے سعودی فضائی دفاع پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

گذشتہ روز اتوار کو یہ بات سعودی زیرقیادت اتحاد نے ایک ہی دن میں یمن میں موجود حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے ڈرونز کی سب سے بڑی تعداد کو روکنے کے بعد بتائی ہے۔خطے میں خطرات سے متعلق ہمیں اور ہمارے اتحادیوں کو بخوبی ادراک ہے۔ ہمارے پاس اپنے ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔امریکہ کی طرف دفاعی یونٹس اور فوجیوں کی تعداد میں کمی اس وقت سامنے آئی ہے جب امریکی صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ ایران کے ساتھ تناو میں کمی لانے کی کوشش کر رہی ہے۔

2019 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر زیادہ سے زیادہ دباو ڈالنے کی مہم کے تحت کافی پابندیاں لگائی گئی تھیں۔اپریل میں یونان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ توانائی کے اس بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لئے سعودی عرب کو پیٹریاٹ میزائل فراہم کرسکتا ہے۔ترکی المالکی نے مزید کہا ہے کہ سعودی فضائی دفاع نے ہفتے کے روز مجموعی طورپر17 حوثی ڈرونز کو تباہ کیا تھا۔

رواں ماہ کے شروع میں سعودی عرب کے جنوبی ریجن عسیر میں حوثیوں کی جانب سے داغا گیا بم سے لیس ڈرون گرلز سکول میں گرا تھا۔گرلز سکول پر داغے گئے ڈرون کے باعث کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی تاہم اتوار کو میڈیا نے سکول کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ سکول کی چھتوں پرکانچ ، بال بیئرنگز اور دھات کے ٹکڑے بکھرے پڑے تھے۔سکول انتظامیہ نے بتایا تھا کہ کچھ خوف زدہ والدین اپنے بچوں کو کلاسوں میں بھیجنے سے انکار کر رہے تھے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں