سعودیہ میں مقیم پاکستانی آگاہ ہو جائیں، حج درخواستیں جمع کروانے کا آج آخری دن ہے

آج رات 10 بجے تک درخواستیں وصول کی جائیں گی، حج کے لیے منتخب کیے جانے والے 60 ہزار خوش نصیبوں کا اعلان جمعہ کے روز کیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 23 جون 2021 11:27

سعودیہ میں مقیم پاکستانی آگاہ ہو جائیں، حج درخواستیں جمع کروانے کا آج آخری دن ہے
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 جون2021ء) سعودی عرب کی جانب سے کورونا وبا کے پھیلاؤ کے خدشے کو سامنے رکھتے ہوئے اس بار بھی حج صرف سعودیہ میں مقیم افراد تک ہی محدودکر دیا گیا ہے۔ سعودی وزار ت حج و عمرہ نے اعلان کیا تھا کہ اس بار حج کی درخواستیں وزارت کی ویب سائٹ پر آن لائن وصول کی جائیں گی۔ سعودی وزارت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ حج کے لیے درخواستیں وصول کرنے کا آج آخری دن ہے۔

آج رات دس بجے تک درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ جبکہ ان لاکھوں افراد میں سے حج کے لیے منتخب ہونے والے 60 ہزار خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان25 جون بروز جمعة المبارک کیا جائے گا۔ اسی روز منتخب لوگوں سے حج اور متعلقہ پیکیج کی بکنگ کا مرحلہ بھی شروع ہو جائے گا۔وزارت حج و عمرہ کے مطابق اب تک ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد سعودی شہری اور غیر ملکی آن لائن حج درخواستیں دے چکے ہیں جن کا تعلق 150 ممالک سے ہے۔

(جاری ہے)

درخواستیں جمع کروانے والوں میں 59 فیصد مرد جبکہ 41 فیصد خواتین ہیں۔ وزارت کے مطابق جونہی درخواستوں کی وصولی کے لنک جاری کیا گیا تو ویب سائٹ پر درخواستیں جمع کروانے والوں کا تانتا بندھ گیاتھا۔ ۔سعودی عرب کے نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں پہلی بار حج کی خواہش رکھنے والی خواتین کو بڑی رعایت دے دی گئی ہے۔

جو خواتین حج کا ارادہ رکھتی ہیں وہ محرم کے بغیر بھی حج کے لیے آن لائن رجسٹریشن کروا سکتی ہیں۔ ماضی میں حج کے لیے محرم کے ساتھ ہونے کی شرط ختم کر دی گئی ہے جس سے خواتین کو بڑی سہولت حاصل ہو گی۔ ڈاکٹر عبدالفتاح نے حج کی خواہش رکھنے والوں کا آگاہ کیا کہ اگر ان کی درخواست حج کے لیے منظور ہو جاتی ہے تو ایسی صورت میں انہیں 3 گھنٹے کے اندر منتخب کردہ حج پیکیج کی فیس ادا کرنی ہو گی، ورنہ ان کا نام حج کے لیے منتخب افراد کی فہرست سے نکال دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جو لوگ اس بار حج کے خواہش مند ہیں وہ اپنی درخواستیں وزارت حج و عمرہ کی ویب سائٹ پر 23 جون کی رات 10 بجے تک جمع کروا سکتے ہیں۔ اس کے بعد کوئی درخواست وصول نہیں کی جائے گی۔ وزارت حج کے مطابق اس بار کورونا پروٹوکولز کی وجہ سے حج پیکیج ماضی کے مقابلے میں مہنگے ہوں گے۔ منیٰ ٹاور میں قیام کے لیے حج پیکیج 16,560 ریال کا ہو گا۔ جبکہ 14,381 ریال مالیت کے دوسرے اور 12,113 ریال کے تیسرے پیکیج والے حجاج منیٰ کے خیموں میں ٹھہرائے جائیں گے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں