سعودی عرب نے ویکسی نیشن کے حوالے سے اہم فیصلہ لے لیا

پہلی اور دوسری خوراک الگ الگ ویکسینوں کی لگائی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 24 جون 2021 10:09

سعودی عرب نے ویکسی نیشن کے حوالے سے اہم فیصلہ لے لیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جون2021ء) سعودی عرب نے ویکسی نیشن کے حوالے سے اپنی پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق لوگوں کو اب کووِڈ-19 کی دو مختلف ویکسینوں کی پہلی اور دوسری خوراک لگائی جائے گی۔اگرچہ اس وقت سعودیہ سمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں لوگوں کو کووِڈ-19 کی کسی ایک ہی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جارہی ہیں مگر اب حالیہ مطالعات کی روشنی میں اس حکمتِ عملی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔

وزارت صحت کے مطابق قومی کمیٹی برائے متعدی امراض نے یہ منفرد فیصلہ نئے سائنسی مطالعات کے پیش نظر کیا ہے۔ان مطالعات میں دوالگ الگ ویکسینز کی پہلی اور دوسری خوراک دیئے جانے کے نتائج کا جائزہ لیا گیا ہے۔تو ثابت ہوا کہ کوروناسے بچاؤ کے لیے دومختلف ویکسینوں کی خوراکیں دیا جانا زیادہ موثر اور محفوظ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایسی صورت میں کسی اور ویکسین کی دوسری خوراک کے وہی مفید نتائج ہوسکتے ہیں جو ایک ہی ویکسین کی دونوں خوراکوں کے ہوسکتے ہیں۔

اب تک سعودیہ کی70 فی صد آبادی کوویکسین کی پہلی یا دوسری خوراک لگا دی گئی ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کا کہنا ہے کہ مملکت میں اب لاکھوں افراد ایسے ہیں جنہوں کورونا کی دوسری ویکسین بھی لگا دی گئی ہے۔ 70 فیصد افراد کی ویکسی نیشن کا مطلب ہے کہ اب تک ایک کروڑ 70 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ مملکت کو کورونا سے محفوظ بنانے کے لیے مجموعی طور پر 2 کروڑ 40 لاکھ افراد کو ویکسین لگانی ہو گی۔

اس وقت زیادہ تر لوگوں کو دوسری خوراک لگانے کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔ مملکت میں جتنی بھی ویکسینز لگائی جا رہی ہیں، وہ سب موثر اور محفوظ ہیں، جن کے کوئی سائیڈ ایفیکٹس نہیں ہیں۔ ویکسین کی پہلی خوراک ایک کروڑ سے زائد لوگوں کو لگنے کے بعد مملکت میں کورونا کیسز میں کمی آ رہی ہے۔ مملکت میں موجود 6 سو کے لگ بھگ ویکسی نیشن سنٹرزکے ذریعے اب تک 1 کروڑ 35 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا سے بچاؤ کی پہلی یا دوسری خوراک لگا دی گئی ہے۔

وزارت صحت نے تاکید کی ہے کہ جن مقامی اور تارکین افراد نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی، وہ پہلی فرصت میں رجسٹریشن کروا کر ویکسین لگوائیں اور خود کو محفوظ بنا لیں۔ مملکت میں ویکسین لگانے کا عمل دسمبر 2021ء کے دوسرے ہفتے میں شروع کیا گیا تھا۔ اس وقت مملکت میں کئی ویکسینز لگائی جا رہی ہیں۔ مملکت میں مقیم تمام مقامی اور غیر ملکی افراد کو مفت ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

ویکسین لگوانے کے خواہش مندوں کو توکلنا ایپ پر رجسٹریشن کروانی ہوتی ہے، جس کے بعد انہیں مخصوص سنٹر پر جا کر ویکسین لگوانے کی تاریخ اور وقت سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ اس تاریخ سے پہلے یا بعد میں ویکسین لگوانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ ایسی صورت میں دوبارہ اپائنٹمنٹ لینا ہوتی ہے۔ رجسٹریشن کا مقصد ویکسی نیشن سنٹرز پر رش سے روکنا ہے تاکہ لوگ اپنے اپنے وقت پر آ کر سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ویکسین لگوا کر اس موذی وبا سے محفوظ ہو سکیں۔مملکت میں گزشتہ روز کورونا کے 1,253 نئے کیسزسامنے آئے ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں