عازمین حج کے لیے مقدس مقامات پر بڑی سہولت متعارف کرا دی گئی

توکلنا ایپ کے ذریعے مشاعر مقدسہ پر ٹرانسپورٹ کی ٹکٹس خریدی جا سکیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 24 جون 2021 16:02

عازمین حج کے لیے مقدس مقامات پر بڑی سہولت متعارف کرا دی گئی
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جون2021ء) حج کی آمد میں اب ایک ماہ سے بھی کم وقت بچا ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے ہر سال حاجیوں کو نئی سے نئی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ اس بار بھی کئی سہولتوں کا اضافہ کیا گیاہے جن میں سے ایک سہولت مشاعر مقدمہ پر توکلنا ایپ کے ذریعے بسوں کی ٹکٹس خریدنے کی سہولت بھی شامل ہے۔ اُردو نیوز کے مطابق توکلنا انتظامیہ نے کہا ہے کہ ایپ میں مزید خدمات کا اضافہ کرتے ہوئے مشاعر مقدسہ میں ٹرانسپورٹ کی ٹکٹیں خریدنے کی سہولت شامل کی گئی ہے۔

توکلنا کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’ایپ میں ہنگامی حالات کے لیے امدادی اداروں کو کال کرنے اور ایمبولینس سہولت حاصل کرنے کا بھی ا?پشن شامل کیا گیا ہے۔‘’مذکورہ اپ ڈیٹس وزارت حج و عمرہ اور سعودی ہلال احمر کے تعاون سے کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’اپ ڈیٹ ایپلی کیشن میں مشاعر مقدسہ میں بسوں کی ٹکٹیں آسانی سے خریدی جا سکتی ہیں۔اسی طرح کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال میں امدادی اداروں کو طلب کرنے کی بھی سہولت دی گئی ہے۔

‘انتظامیہ کے مطابق ’طبی ہنگامی حالات کے لیے توکلنا کے ذریعے ایمبولینس بھی طلب کی جا سکتی ہے۔توکلنا ایپ کی انتظامیہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’نئی اپ ڈیٹس سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ صارفین ایپل سٹور یا گوگل پلے پر ایپلی کیشن اپ ڈیٹ کریں۔‘واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے 23 جون کی رات تک حج کے لیے آن لائن درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

جس کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد اب درخواستوں کی وصولی روک دی گئی ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ مقررہ تاریخ گزر جانے کے بعد اب کوئی حج درخواست وصول نہیں کی جائے گی۔گزشتہ رات حج درخواستوں کی وصولی کا پورٹل بند کر دیا گیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اس بار حج کے لیے 5 لاکھ 58 ہزار افراد نے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ ان میں سے 60ہزار افراد کو منتخب کرنے کے لیے قرعہ اندازی نہیں کی جائے گی، اور نہ پہلے آؤ پہلے پاؤ کا کلیہ لاگو ہو گا۔

بلکہ ہر درخواست کا الگ الگ جائزہ لے کر اہلیت کی بنیاد پر انتخاب کیا جائے گا۔ خوش نصیبوں کا اعلان کل جمعہ کے روز کیاجائے گا۔ جبکہ دوپہر دو بجے سے حج پیکجز کی بکنگ شروع کر دی جائے گی۔ وزارت کے مطابق 150 ملکوں کے باشندوں نے حج درخواستیں جمع کرائی ہیں جن میں سے 59 فیصد مرد اور 41 فیصد خواتین ہیں۔سعودی عرب کے نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں پہلی بار حج کی خواہش رکھنے والی خواتین کو بڑی رعایت دے دی گئی ہے۔ جو خواتین حج کا ارادہ رکھتی ہیں وہ محرم کے بغیر بھی حج کے لیے آن لائن رجسٹریشن کروا سکتی ہیں۔ ماضی میں حج کے لیے محرم کے ساتھ ہونے کی شرط ختم کر دی گئی ہے جس سے خواتین کو بڑی سہولت حاصل ہو گی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں