سعودیہ میں انوکھے طریقے سے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی

21 لاکھ نشہ آور گولیاں ٹماٹر کے پیسٹ کے کارٹنوں میں چھپائی گئی تھیں، لیزر آلات سے نشاندہی ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 24 جولائی 2021 12:37

سعودیہ میں انوکھے طریقے سے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جولائی 2021ء ) سعودی عرب ایک اسلامی ملک ہے جہاں پر شرعی قانون نافذ ہیں۔ اسلامی ملک ہونے کے ناتے یہاں شراب اور منشیات کے استعمال کی بھرپور ممانعت ہے اور ان ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ میں ملو ث افراد کا سر قلم کر دیا جاتا ہے۔ پھر بھی بہت سے لوگ دولت کے لالچ میں اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر منشیات کی اسمگلنگ کے دھندے سے باز نہیں آتے۔

ایسے لوگوں کی کبھی نہ کبھی شامت آ ہی جاتی ہے۔سعودیہ کی ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز سعودیہ کے سرحدی علاقے سے منشیات کی لاکھوں گولیوں کی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق 21 لاکھ 44ہزار ممنوعہ کیپٹاگون کی نشہ آور گولیاں سرحدی علاقے الحدیثہ کے علاقے سے مملکت میں اسمگلنگ کی کوشش کی گئی تھے، جسے چوکس اور مستعد سیکیورٹی حکام نے ناکام بنا دیا۔

(جاری ہے)

لاکھوں گولیوں کی یہ کھیپ ایک ٹرک پر ٹماٹر کے پیسٹ کے کارٹنوں میں چھپائی گئی تھی۔ تاہم کسٹمز حکام نے جب لیز آلات کی مدد سے ان کارٹنز کی چیکنگ کی تو ان میں مشکوک گولیوں کا انکشاف ہوا۔ جب ان کارٹنز کو کھلوایا گیا تو ان میں سے کیپٹاگون گولیاں برآمد ہوئیں جو ٹماٹر پیسٹ کے جار کے ڈھکن کے اندر چھپائی گئی تھیں۔ اس طرح اسمگلرز کی ساری ہوشیاری دھری کی دھری رہ گئی۔

ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل جدہ کی بحری بندرگاہ پر بیرون ملک سے آنے والے مالٹے کی پیٹیوں میں سے نشہ آور دوا کیپٹاگون کی 45 لاکھ گولیاں برآمد ہوئی تھیں۔ پھلوں کی ان پیٹیوں کا جب ایکسرے کیا گیا تو ان میں سے نشہ آور گولیوں کی برآمد گی کا انکشاف ہوا۔ جن افراد نے پھلوں کی یہ کھیپ وصول کرنا تھی، وہ بندرگاہ پر ہی موجود تھے، جنہیں کسٹمز حکام نے گرفتار کر لیا ہے۔

جبکہ اپریل میں لبنان سے آنے والے پھلوں میں سے کیپٹاگون کی 50 لاکھ گولیاں پکڑ ی گئی تھی، جس کے بعد سعودی حکومت نے لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اس کے باوجود گزشتہ ہفتہ کے دن بھی لبنان سے آنے والے سامان میں سے ایک کروڑ 40 لاکھ نشہ آور ایمفٹامائن اور کیپٹا گون کی گولیاں پکڑی گئی تھیں، جنہیں لوہے کی پلیٹوں کی کھیپ میں چھپایا گیا تھا۔ لوہے کی پلیٹوں کی آڑ میں منشیات منگوانے والے سعودی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں