سعودیہ میں منی لانڈرنگ میں ملوث 6 بھارتی شہری پکڑ ے گئے

ملزمان سعودی شہری کے نام پر رجسٹرڈ تجارتی ادارے کے ذریعے لاکھوں ریال بیرون ملک بھجوا چکے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 24 جولائی 2021 13:32

سعودیہ میں منی لانڈرنگ میں ملوث 6 بھارتی شہری پکڑ ے گئے
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جولائی 2021ء ) دُنیا بھر میں منی لانڈرنگ کے لیے بہت انوکھے طریقے سامنے آتے ہیں۔ اگرچہ ان میں سے کچھ طریقوں سے کامیاب طریقے سے منی لانڈرنگ ہوتی رہتی ہے، پر کبھی نہ کبھی اس ہوشیاری کا بھانڈا پھوٹ ہی جاتا ہے اورمنی لانڈرنگ میں ملوث افراد کی چالاکی پر ہر کوئی حیران پریشان رہ جاتا ہے۔سعودیہ میں بھی منی لانڈرنگ کے نت نئے طریقے اپنائے جاتے ہیں تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے منی لانڈرنگ کے سدباب کے لیے موثر نظام وضع کیا گیا ہے جس کی وجہ سے درجنوں افراد قابو میں آ چکے ہیں ۔

ایسی ہی تازہ ترین کارروائی میں 6 غیر ملکیوں کا ایک گینگ بھی پکڑا گیا ہے جس کا تعلق بھارت سے ہے۔ ریاض پولیس کے مطابق یہ افراد سعودیہ میں موجود غیر قانونی تارکین سے رقوم جمع کر کے مختلف ممالک میں بھجواتے تھے۔

(جاری ہے)

ان افراد نے منی لانڈرنگ کے لیے ایک سعودی شہری کے تجارتی ادارے پر رجسٹرڈ بینک اکاؤنٹ کا استعمال کیا۔ ملزمان نے سعودی شہری کو کہہ رکھا تھا کہ وہ اس اکاؤنٹ کو بیرون ملک سے تجارتی سامان منگوانے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، جس کے بدلے میں اسے معقول منافع دیا جائے گا۔

مگر وہ سعودی شہری کی بے خبری کا فائدہ اٹھا کر اس کے ذریعے منی لانڈرنگ کر رہے تھے۔ اس گروہ کے پاس بیرون ملک بھجوانے کے لیے موجود 34 لاکھ ریال سے زائد کی رقم بھی پکڑی گئی ہے۔ ملزمان کے خلاف غیر قانونی تارکین کی معاونت اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جلد ہی انہیں عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ایک سعودی شہری اور اس کے معاون غیر ملکی کو لاکھوں روپے کی منی لانڈرنگ کرنے کے جْرم میں قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے ہے۔

سعودی پبلک پراسیکیوشن کے مطابق مقامی باشندے کو منی لانڈرنگ پر3 سال قید ، 3 سال بیرون ملک سفر پر پابندی کی سزا سْنائی ہے اور اس کی 60 لاکھ ریال کی رقم بھی ضبط کر لی گئی ہے جو منی لانڈرنگ کے لیے باہر کے ملک بھجوائی جانی تھی۔جبکہ اس جْرم میں اس کے معاون غیر ملکی کو قید کی سزا بھگتنے کے بعد ڈی پورٹ کرنے کا حکم سْنایا ہے اور اس کے آئندہ مملکت میں داخلے پر پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے۔

پبلک پراسیکیوٹر کے ایک اہلکار کے مطابق سعودی شہری نے منی لانڈرنگ کے لیے ایک فرضی کمپنی بنا رکھی تھی۔اس نے ایک غیر ملکی کے ساتھ ملی بھْگت کر کے اس کے بیرون ملک اکاوٴنٹ کے ذریعے رقم باہر بھجوانا شروع کی تھی۔جس کے بدلے میں اسے ہر مہینے ایک معقول رقم دی جاتی تھی۔ یہ شخص لاکھوں ریال پہلے ہی باہر منتقل کروا چکا تھا اور اب مزید 60 لاکھ ریال کی رقم بھی غیر ملکی کے اکاوٴنٹ کے ذریعے ٹرانسفر کروانے کی تیاریوں میں تھا۔ مگروہ اپنی اس بار کی کوشش میں کامیاب نہ ہو سکا۔تحقیقات کے دوران پتا چلا کہ ملزم نے ایک فرضی کمپنی کے ذریعے منی لانڈرنگ شروع کر رکھی تھی۔جس کے بعد اسے اور اس کے معاون غیر ملکی کو گرفتار کر لیا گیا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں