کروڑوں مسلمانوں نے اسرائیلی کھلاڑی کے مقابل سعودی خاتون ایتھلیٹ کے حق میں دعائیں شروع کر دیں

ٹوکیو اولمپکس میں جوڈو کی سعودی کھلاڑی ثانی القحطانی 30 جولائی کو اسرائیلی کھلاڑی کا مقابلہ کریں گی، سوشل میڈیا پر حوصلہ افزائی کی مہم شروع ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 26 جولائی 2021 15:51

کروڑوں مسلمانوں نے اسرائیلی کھلاڑی کے مقابل سعودی خاتون ایتھلیٹ کے حق میں دعائیں شروع کر دیں
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جولائی2021ء ) اسرائیل فلسطینی سرزمین پر اپنے ناجائز اور غاصبانہ قبضے کی وجہ سے دُنیا بھر کے مسلمانوں کی نفرت کا مستقل نشانہ بن گیا ہے۔ رواں سال عید الفطر کے موقع پر اسرائیل نے وحشیانہ بمباری کر کے سینکڑوں معصوم فلسطینیوں کو شہید کر دیا تھا اور سینکڑوں عمارت کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا تھا۔ جس کے بعد دُنیا بھر کے مسلمانوں میں اسرائیل کے خلاف نفرت کے جذبات شدید ترہو گئے ہیں۔

اسرائیل کو نیچا دکھانے کے لیے اُمت مسلمہ موقع کی تلاش میں ہے جو عنقریب انہیں حاصل ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں سعودی عرب کی جوڈو کی خاتون کھلاڑی ثانی القحطانی 30 جولائی بروز جمعة المبارک اسرائیلی کھلاڑی راز ھیشکس کا مقابلہ کریں گی۔

(جاری ہے)

القحطانی اور اسرائیلی کھلاڑی میں 78 کلوگرام وزن کی کیٹگری میں جیت کے لیے کڑا مقابلہ ہونے کی توقع ہے۔

ٹوکیو اولمپکس میں القحطانی سعودی عرب کے 33 کھلاڑیوں کے دستے میں بطور جوڈو کھلاڑی شامل ہیں۔
ان کا اسرائیلی کھلاڑی سے میچ 32 ویں راؤنڈ میں ہوگا۔ اس مقابلے پر دُنیا بھر کی نظریں ہیں ، پاکستانی شائقین بھی القحطانی کو اس مقابلے میں سرفراز اور فاتح کی حیثیت سے دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر القحطانی سے اظہار یکجہتی اور ان کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ہیش ٹیگ بنا دیا گیا ہے جس میں ان کے لیے دعائیں بھی کی جا رہی ہیں اور ان کے لیے حوصلہ افزائی سے بھرپور پیغا مات بھی پوسٹ کیے جا رہے ہیں۔

ایک خاتون ٹویٹر صارف غدا الغنائم نے لکھا ”مقابلہ نہ چھوڑنا، اس (اسرائیلی کھلاڑی) کا سامنا کرو۔ تم جیتو یا ہارو، ہماری نظر میں تم ہیرو ہو۔ ملک کا فخر ہو، ہم سب کی جانب سے تمہارے لیے نیک خواہشات ہیں۔“واضح رہے کہ الجزائر کی جوڈو کی کھلاڑی فتحی نورین نے اسرائیلی کھلاڑی سے مقابلے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن نے فتحی اور ان کے کوچ کی رکنیت معطل کر دی ہے اور اسرائیلی کھلاڑی کے مقابلے میں سعودی کھلاڑی ثانی القحطانی کا نام شامل کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر ثانی کی حمایت میں مختلف ہیش ٹیگز بن چکے ہیں جن میں اس کی فتح کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں