سعودیہ میں ہم وطن کو قتل کرنے والے کا سر قلم کر دیا گیا

سعودی شہری مشعل بن ناصر نے اپنے قبیلے کے فرد محمد بن مناحی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 27 جولائی 2021 11:08

سعودیہ میں ہم وطن کو قتل کرنے والے کا سر قلم کر دیا گیا
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جولائی2021ء ) سعودی عرب میں قتل کی سزا پر سر قلم کر دیا جاتا ہے جسے قصاص کا نام دیا جاتا ہے۔ تاہم اگر مقتول کے لواحقین قاتل کو معاف کرنے پر راضی ہو جائیں تو وہ سزا سے بچ جاتا ہے۔ کچھ لواحقین بھاری رقم کے عوض قاتل کو معافی دے دیتے ہیں تو کچھ سزا دلوانا چاہتے ہیں۔ سعودی عرب میں ایک قاتل کواس کے جرم کی سزا میں موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق ریاض میں مقیم سعودی شہری مشعل بن ناصر الدوسری نے ایک جھگڑے کے بعد طیش میں آ کر اپنے قبیلے کے ہی ایک فرد محمد بن مناحی الدوسری کو فائرنگ کر کے مار ڈالا تھا اور اس خونی واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا تاہم پولیس نے اسے ڈھونڈ نکالا۔ مقامی عدالت میں اس کے خلاف قتل کا مقدمہ چلایا گیا جہاں جرم ثابت ہونے کے بعد اسے سزائے موت سُنائی گئی۔

(جاری ہے)

اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ میں سزا کے خلاف اپیل مسترد ہونے کے بعد ایوانِ شاہی نے سزا پر عمل درآمد کے احکامات جاری کیے تھے، جن پر گزشتہ روز عمل کرتے ہوئے قصاص میدان میں سعودی قاتل کا سر قلم کر دیا گیا۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل الجوف کے علاقے میں ازدواجی جھگڑے پر ایک شوہر نے اپنی بیوی کی جان لے لی تھی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی شہری خالد الاشجعی کی اپنی بیوی سے تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد اس نے طیش میں آ کر اپنی اہلیہ عھود الغنزی کا گلا گھونٹ ڈالا اور پھر جائے واردات سے فرار ہو گیا۔

پولیس کو اس ہولناک واردات کی اطلاع دی گئی تو روپوش قاتل کو گرفتار کر لیا گیا۔ جس نے عدالت میں اپنے جُرم کا اعتراف کیا۔ عدالت نے سفاک قاتل کو اس کے سنگین جُرم پر سزائے موت سنائی تھی۔ جس کے خلاف پہلے اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ میں رحم کی اپیل دائر کی گئی تاہم ان اعلیٰ عدالتوں نے اپیل مسترد کر دی، جس کے بعد ایوانِ شاہی کی جانب سے مجرم کا سر قلم کرنے کا فرمان جاری ہواجس کے بعد قصاص میدان میں مجرم کو سزائے موت دی گئی۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں